Friday, 29 November 2024


کراچی کےدونوں تعلیمی بورڈزمیں نئےچیئرمینزکی تقرری کی منظوری

کراچی :  وزیر اعلی سندھ نے کراچی کے دونوں تعلیمی بورڈز میں نئے چیئرمینز کی تقرری کی منظوری دے دی
انٹیلیجنس اداروں کی تصدیق کی بنیاد پرسندھ حکومت نے کراچی کے دو تعلیمی بورڈز ثانوی و اعلٰی ثانوی تعلیمی بورڈ میں چیئرمین کے عہدوں پر 2 ماہرین تعلیم کی تقرری کی منظوری دے دی ہے ۔

اس سلسلے میں وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ نے ایک روز قبل محکمہ یونیورسٹیز اینڈ بورڈز کے سیکریٹری علم الدین بلو کی جانب سے بھجوائی گئی سمری کی منظوری دی ہے جس کے مطابق آج یا کل کو میٹرک بورڈ کراچی کے لیے محکمہ تعلیم کے سابق ایڈیشنل سیکریٹری اور لاء یونیورسٹی کے سابق رجسٹرار شرف شاہ جبکہ انٹر بورڈ کراچی کے لیے میٹرک بورڈ کراچی کے موجودہ چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر سعید الدین کا بطور چیئرمین تقرری کا نوٹیفیکیشن جاری کیے جانے کا امکان ہے۔

اس خبرکو بھی پڑھیئےتعلیمی بورڈز کے چیئرمینزتاحال نہ مل سکے

یاد رہے کہ سندھ کے پانچ تعلیمی بورڈز میں چیئرمین بورڈزکی تقرری کا معاملہ گزشتہ سال اکتوبر سے تاخیر کا شکار تھا پہلے کئی ماہ اشتہار جاری کرنے میں لگ گئے، پھر اسکروٹنی اور انٹرویو کے عمل کے بعد سرچ کمیٹی نے جو سمری حکومت سندھ کو بھجوائی اسے وزیر برائے یونیورسٹیز اینڈ بورڈ نثار کھوڑو نے روکے رکھا جس کے بعد سمری آگے بڑھی تو اسے چیف سیکریٹری کی جانب سے انٹیلیجنس اداروں کی تصدیق سے مشروط کردیا گیا اورتین میں سے دو اداروں کی رپورٹس موصول ہونے کے بعد ہوم ڈپارٹمنٹ نے بھی اسے کم از کم دو ماہ تک روکے رکھا۔

بعد ازاں ایڈیشنل چیف سیکرٹری محکمہ بورڈز و جامعات علم الدین بلو نے اس معاملے کو آگے بڑھایا تین میں سے دو انٹیلیجنس اداروں کی تصدیق موصول ہونے پر سمری وزیراعلی سندھ کو بھیج دی جس میں وزیر اعلی سندھ سے سفارش کی گئی کہ یا تو مزید ایک انٹیلیجنس ادارے کی رپورٹ کا انتظار کیا جائے یا پھر دو اداروں کی موصولہ رپورٹ پر کراچی میں میٹرک اور انٹر بورڈ میں تقرریاں کردی جائیں۔

Share this article

Leave a comment