Thursday, 28 November 2024


محمدعلی جناح یونیورسٹی میں میڈیا کمیٹی کااجلاس

محمد علی جناح یونیورسٹی کراچی ( ماجو ) کے صدر پروفیسر ڈاکٹر زبیر شیخ کی صدارت میں گزشتہ روز یونیورسٹی کانفرنس روم میں میڈیا کمیٹی کااجلاس منعقدہوا۔اجلاس میں شریک میڈیا کمیٹی سےخطاب کرتے ہوئے ماجو کے صدر پروفیسر ڈاکٹر زبیر شیخ کہا کہ یونیورسٹی کے میڈیا سینٹر میں ایک انتہائی جدیدریکارڈنگ اسٹوڈیو اور ایف ایم ریڈیو سٹیشن کی موجودگی سے اساتذہ اور طلباء کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار اور شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے بھرپور مواقع حاصل ہو گئے ہیں اور اب وہ تعلیمی سرگرمیوں کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ ملک کو درپیش سماجی و اقتصادی مسائل کے حل کے لیے بہترین پروگرام پیش کر سکتے ہیں جن میں زندگی کے ہر شعبے سے تعلق رکھنے والی نمایاں شخصیات کو مدعو کیا جا سکتا ہے ۔

ڈاکٹر زبیر شیخ نے اپنے خطاب میں کہا کہ پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا کے ساتھ ساتھ آج کے دور میں سوشل میڈیا مارکیٹنگ کو بھی بڑی اہمیت حاصل ہوچکی ہے جسے نظر انداز نہیں کیا جا سکتا ہے ، اس لیے ہمیں اپنی سرگرمیوں کو سوشل میڈیا پر بھی بہتر طور پر پیش کرنا ہوگا۔

اجلاس میں میڈیا کمیٹی کے اراکین ڈاکٹر غضنفر منیر، علی ناصر ، بابر سلیم، حسن آفتاب، محمد سمیع گوہر اور رومیسہ عقیل نے شرکت کی۔
انہوں نے کہا کہ ماجو کے میڈیا سینٹر کو ایک ایسے مرکز کے طور پر سامنے لایا جائے جس کے ذریعہ ہم اپنی پالیسیوں اور پروگراموں کی بہترین تشہیر، جدت پسندی اور احساسات کو بہتر انداز میں پیش کرسکیں ۔ انہوں نے اس توقع کا بھی اظہار کیا کہ ہمارے طلبا کو چاہئے کہ وہ اپنی فطری صلاحیتوں کو اظہار کے لئے میڈیا سینٹر کے ذریعے اپنے آئیڈیاز کو بہتر انداز میں پیش کریں اور اس ضمن میں پہلے وہ چھوٹے قدم اٹھا کر ہی بڑے کام کر سکتے ہیں ۔

میڈیا کمیٹی کی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سیکریٹری علی ناصر نے کہا کہ ماجو کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ نجی شعبے کی یونیورسٹیوں کی وہ واحد یونیورسٹی ہے جس کا اپنا ریڈیو اسٹیشن اور ٹی وی پروگرام ریکارڈنگ اسٹوڈیو موجود ہے جس کے ذریعے ہم نیوز، انگیجمنٹ، مذاکرے ، ٹاک شوز اور ڈاکومنٹریز فلموں کے پروگرام پیش کرسکتے ہیں جن میں شرکت کے لیے زندگی کے مختلف شعبوں کی نمایاں شخصیات کو مدعو کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا ہم نے اوپن میڈیا سنٹر کے قیام کا بھی فیصلہ کیا ہے جس میں میڈیا کے شعبے سے تعلق رکھنے والے مممتاز صحافیوں اور میڈیا تنظیموں کے عہدیداروں کو اظہار خیال کے لئے بلایا جائے گا ۔

Share this article

Leave a comment