Friday, 29 November 2024


ایم کیو ایم نے آج (منگل کو) کراچی میں وزیر داخلہ کے بیان کے خلاف احتجاجی مظاہرے کا اعلان کردیا ہے۔

ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹرفاروق ستار نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کی سخت الفاظ میں مذمت کرتی ہے ،چوہدری نثار کو الطاف حسین فوبیا ہوگیا ہے ۔ الطاف حسین اور ایم کیو ایم فوج کے خلاف نہیں، کچھ لوگ غلط فہمی پیدا کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے پیر کی شب ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو پر اراکین رابطہ کمیٹی ، حق پرست اراکان سینیٹ ، قومی و صوبائی اسمبلی اور تنظیمی شعبہ جات کے ذمے داران کے ہمراہ ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔فاروق ستار نے کہا کہ ماضی کی طرح ایک مرتبہ پھر چوہدری نثار نے الطاف حسین ، ایم کیو ایم اورمہاجروں کو تقسیم کرنے کی کوشش کی ہے لیکن ماضی میں اس قسم کی اوچھے ہتھکنڈوں کے ذریعے ایم کیو ایم اور الطاف حسین کو مہاجروں سے دور نہیں کیا جا سکاہے اور نہ ہی اس مرتبہ یہ ساز ش کامیاب ہوگی۔اندرون سندھ کے مختلف شہروں میں الطاف حسین کے خلاف ایف آر درج کرنے کا سلسلہ کالعدم جماعتوں کی جانب سے کیا جارہاہے اس اقدام کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ فاروق ستار نے کہا کہ چوہدری نثار نے الطاف حسین کے خطاب کی پریس ریلیز کو ٹھیک طریقے سے نہیں پڑھاجس میں الطاف حسین نے پاک فوج کے ساتھ ہونے اور پاکستان کی محبت کی بات کی تھی۔ علاوہ ازیں ایم کیو ایم کے رہنما امین الحق نے کہا ہے کہ ایم کیوایم چوہدری نثار کے بیان کے خلاف آج (منگل کو) شام 4 بجے کراچی پریس کلب پر احتجاجی مظاہرہ کرے گی۔

Share this article

Leave a comment