Thursday, 28 November 2024


تعلیم ہی کےذریعےعورت اپنےقانونی حقوق اوران کی دستیابی سےآشناہوپاتی ہے،جامعہ کراچی

کراچی: سینٹر آف ایکسلینس فارویمن اسٹڈیز جامعہ کراچی کے زیر اہتمام خواتین کے عالمی دن کے موقع پرسینٹر ہذا میں سیمینار کاانعقاد کیا گیا۔

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے کہا کہ خاتم النبین حضرت محمدﷺ نے نہ صرف خواتین کے حقوق وضع کئے بلکہ ان پر مکمل عملدرآمد کرکے معاشرے میں ان کو وہ مقام دلایا جس سے وہ دورجاہلیت میں محروم تھیں۔ اسلام سے قبل معاشرہ جہالت میں ڈوباہواتھا،اسلام نے عور ت کو وہ عظیم مقام دیاجو آج تک کوئی اور نہیں دے سکا، ہمیں مغربی معاشرے کی طرف دیکھنے کے بجائے اپنے معاشرے کو درست کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پڑھی لکھی باشعور عورت ہی اپنی اولاد کی اچھی پرورش کرسکتی ہے جو آگے چل کر ملک کی ترقی میں اہم کردار اداکرسکتے ہیں۔ کسی بھی ملک کی ترقی کا دارومدار اس کی افراد ی قوت پر ہوتاہے اور افرادی قوت کی بات کی جائے تو اس بات کا خیال رکھنا چاہیئے کہ ملک کی تقریباً نصف آباد ی خواتین پر مشتمل ہوتی ہے۔

عصر جدید میں تعلیم یافتہ اور با شعور خواتین کو جاگیردارانہ نظام کے تناظر میں خواتین کے ساتھ رونما ہونے والے امتیازی رویے اور افسوسناک طورطریقے کے خلاف اقدامات کرنے ہوں گے اور خواتین کو خود بھی اپنے حقوق کے لئے ہمت وعز م سے کام لینا ہوگا۔

رئیسہ کلیہ فنون وسماجی علوم وڈائریکٹر سینٹر آف ایکسلینس فارویمن اسٹڈیز جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر نسرین اسلم شاہ نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں خواتین کی ملازمت کو برا سمجھا جاتا ہے اس لیے بے شمار تعلیم یافتہ خواتین مختلف شعبوں میں جو اپنی خدمات سرانجام دے کر معاشرے کی ترقی میں اپنا حصہ ڈال سکتی ہیں مگر بدقسمتی سے وہ معاشرے کی ترقی میں اپنا حصہ ڈالنے سے قاصر ہیں۔ مرد کی تعلیم صرف ایک فرد واحد کی تعلیم ہے مگر عورت کو تعلیم دینا حقیقت میں پورے خاندان کو تعلیم دینے کے برابرہے۔ دنیا میں ترقی کے لئے مردوں اور عورتوں کوتعلیم کے زیور سے روشناس کرانا ضروری ہے۔

اس موقع پر سینٹر کی جانب سے ریسرچ جرنلز ”پاکستان جرنل آف جینڈر اسٹڈیز، شمارہ نمبر-21“ اور ”پاکستان جرنل آف اپلائیڈ سوشل سائنسز، شمارہ نمبر-12“ کا اجراء بھی کیا گیا۔تقریب میں اساتذہ وطلبہ کی کثیر تعدادنے شرکت کی۔

Share this article

Leave a comment