Thursday, 28 November 2024


جامعہ کراچی کادوسالہ ڈگری پروگرام برقراررکھنےکااصولی فیصلہ

کراچی: جامعہ کراچی نے وفاقی ہائر ایجوکیشن کمیشن کے احکامات کے برعکس دو سالہ ڈگری پروگرام برقرار رکھنے کا اصولی فیصلہ کرلیا ہے

تاہم اس کی باقاعدہ منظوری کے لئے اکیڈمک کونسل کا اجلاس پیر 12 اپریل کو طلب کرلیا ہے جس کی صدارت وائس چانسلر ڈاکٹر خالد عراقی کریں گے۔

اکیڈمک کونسل سے منظوری کے بعد الحاق شدہ کالجوں میں بی اے، بی ایس سی اور بی کام سال اول کے داخلوں کا باقاعدہ اعلان بھی کردیا جائے گا۔ بتایا جاتا ہے کہ جامعہ کراچی نے ہائر ایجوکیشن کمیشن کی جانب سے دو سالہ ڈگری ختم کرنے اور اس کی جگہ چار سالہ پروگرام متعارف کرانے کے سلسلے میں ایک کمیٹی تشکیل دی تھی جس نے دو سالہ ڈگری ختم کرنے کی باقاعدہ مخالفت کی ہے اور اس معاملے کو اکیڈمک کونسل کے سامنے پیش کرنے کی سفارش کی ہے۔

وفاقی ہائر ایجوکیشن کمیشن کی جانب سےدو سالہ ڈگری پروگرام ختم کرنے کی ہدایت کے باعث جامعہ کراچی سے الحاق شدہ کالجوں میں بی اے، بی کام اور بی ایس سی کے داخلے تاحال شروع نہیں ہوسکے یہ داخلے ہر سال جنوری کے شروع میں ہوتے تھے.

یاد رہے کہ سندھ حکومت نے وفاقی ہائر ایجوکیشن کمیشن کی طرف سے دو سالہ گریجویشن ڈگری پروگرام کو ختم کرکے چار سال کرنے کی پالیسی کو مسترد کرتے ہوئے ہیک کے اس عمل کو صوبائی خودمختاری پر حملہ قرار دے کر صوبے میں دو سالہ تمام ڈگری پروگرامز کو جاری رکھنے کا اعلان کیا تھا۔

یہ اعلان سندھ کی جامعات و بورڈز کے مشیر نثار احمد کھوڑو نے ۲ مارچ کو کو سندھ اسمبلی کی کمیٹی روم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا تھا۔ نثار کھوڑو نے کہا تھا کہ ھم وفاقی ہائرایجوکیشن کمیشن کی ان تمام پالیسیوں کو مسترد کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا تھاکہ سندھ کی تمام جامعات صوبے کے یونیورسٹی ایکٹ کے تحت صوبائی خودمختاری کو استعمال کرکے تمام دو سالہ ڈگری پروگرامز جاری رکھیںگی۔ انہوں نے کہا تھا سندھ صوبائی خودمختاری پر کسی قسم کی مصلحت نہیں کرے گی اور وفاق کی ایسی کسی ڈکٹیشن کو بھی قبول نہیں کرینگے۔

Share this article

Leave a comment