Thursday, 28 November 2024


سری لنکاکی دفاعی یونیورسٹی اوربین الاقوامی مرکز جامعہ کراچی میں معاہدہ

کراچی:سری لنکا کی دفاعی یونیورسٹی ’جنرل سر جان کوٹیلا والا ڈیفینس یونیورسٹی اوربین الاقوامی مرکزبرائےکیمیائی وحیاتیاتی علوم جامعہ کراچی کے درمیان مفاہمتی یاداشت پر دستخط ہوئے۔

سری لنکا کی دفاعی یونیورسٹی ’جنرل سر جان کوٹیلا والا ڈیفینس یونیورسٹی اور بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس) جامعہ کراچی کے درمیان بدھ کو آن لائن اجلاس کے دوران ایک مفاہمت کی یاد داشت پر دستخط ہوئے ہیں۔

اس معاہدے کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان نہ صرف دو طرفہ تعلقات کو مزیدفروغ دینا ہے بلکہ مختلف سائنسی میدانوں میں باہمی تحقیق اور تعلیمی سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے۔ آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کے سربراہ اور کامسٹیک کے کوارڈینیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری اور جنرل سر جان کوٹیلا والا ڈیفنس یونیورسٹی کے وائس چانسلر میجر جنرل ملنڈا پیرز نے ایک آن لائن اجلاس کے دوران معاہدے پر دستخط کیے۔پاکستان اور سری لنکا سے مختلف سائنسدانوں اور آفیشلز نے اس آن لائن اجلاس میں شرکت کی۔

پروفیسر اقبال چوہدری نے اپنے خطاب میں کہاکہ بین الاقوامی مرکز اپنی نوعیت کا واحد پاکستانی تحقیقی ادارہ ہے جونہ صرف آئی ایس او سے سند یافتہ ہے بلکہ "یونیسکو، ڈبلیو ایچ او، او آئی سی اور این اے ایم سائینس اور ٹیکنا لوجی سینٹر فار ایکسلینس کے منصب پر بھی فائز ہے، انہوں نے کہا آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کیمیائی، حیاتیاتی اور بائیو میڈیکل سائینسز میں دنیا کا نمایاں تحقیقی ادارہ ہے جہاں دنیا بھر سے ماہرین تحقیقی امور کی انجام دہی کے لئے آتے ہیں، یہ ادارہ تعلیمی تحقیق اور گریجویٹ اسٹوڈنٹس کی تربیت کے حوالے سے معروف ہے، صنعتوں اورحکومتی اداروں کو بھی تحقیقی و تجزیاتی خدمات فراہم کررہا ہے۔

واضح رہے کہ جنرل سر جان کوٹیلا والا ڈیفینس یونیورسٹی ایک دفاعی جامعہ ہے جس میں اب عام شہری بھی داخلہ لے سکتے ہیں۔ معاہدے کے تحت دونوں ممالک کے ادارے ماہرین، پروجیکٹس اور تعلیمی پروگرام کا باہمی تبادلہ بھی کریں گے۔ دونوں ادارے متعلقہ شعبہ جات میں انسانی وسائل کی بہتری کے لئے بھی مشترکہ کام کریں گے، اس کے علاوہ ہر سال پی ایچ ڈی اسکالرز کی جوائنٹ سپرویژن بھی سرانجام دی جائے گی۔

 

Share this article

Leave a comment