Thursday, 28 November 2024


طلبہ کوفیلڈکےماہرین سےتربیت فراہم کی جارہی ہے

کراچی: کراچی میں تعینات ایران کے قونصل جنرل حسن نوریان نے گذشتہ روزجامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ملاقات میں باہمی تعلیمی اشتراک کے امور زیربحث آئے۔

اس موقع پر ڈائیریکٹر ایرانی کلچرل سینٹر کراچی کامران پزشکی بھی موجود تھے۔قونصل جنرل نے شیخ الجامعہ سے مختلف ایرانی جامعات کے ساتھ فیکلٹی اور اسٹوڈنٹ ایکسچینج پروگرام پر تبادلہ خیال کیا اور باہمی تعلیمی سرگرمیوں، دونوں ممالک کی ثقافت اور باہمی دلچسپی کے امور پر ویبینار سیریز شروع کرنے پر دلچسپی ِظاہر کی۔

انھوں نے جامعہ کراچی میں فارسی زبان کو بھی بحال کرنے پر دلچسپی کا اظہار کیا۔شیخ الجامعہ ڈاکٹر خالد محمودعراقی نے کہا کہ جامعہ کراچی ایرانی جامعات سے دو طرفہ تعلیمی تعلقات قائم کرنے کی خواہشمند ہے تاکہ دونوں ممالک کے طلبہ، اساتذہ اور محققین ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھ سکیں۔

جامعہ کراچی اور ایرانی جامعات مختلف شعبوں جن میں سائنس، طب، تاریخ، ثقافت اور انٹرپرینیورشپ شامل ہیں ان میں تعاون کرسکتے ہیں۔جامعہ کراچی نے حال ہی میں کراچی یونیورسٹی بزنس انکیوبیشن سینٹر قائم کیا ہے جس میں طلبہ کو فیلڈ کے ماہرین سے تربیت فراہم کی جارہی ہے۔

اس موقع پر ایرانی اساتذہ کو بھی جامعہ کراچی میں مدعو کرکے ان سے ایم فل اور پی ایچ ڈی کے کورسز سپروائز کرنے کا بھی عندیا دیا گیا۔ شیخ الجامعہ نے وفد کو بتایا کہ اس وقت جامعہ کراچی میں ایرانی طلبہ سمیت 200 بین الاقوامی طلبہ زیر تعلیم ہیں۔ملاقات کے بعد ایرانی وفد نے جامعہ کراچی کے شعبہ فارسی کا دورہ کیا اور اساتذہ سے ملاقات کی۔ ملاقات میں تدریس و تحقیق کے امور زیربحث آئے۔

Share this article

Leave a comment