Thursday, 28 November 2024


کراچی:آپریشن کے دوران 40 افراد زیرحراست،علاقہ مکینوں کا شدید احتجاج

ایمز ٹی وی (کراچی) کراچی کے علاقے نیو کراچی اورگودھرا کے مختلف علاقوں میں پولیس نے آپریشن کے دوران 40 افراد کو حراست میں لے لیا، تفصیلات کے مطابق ایس پی چوہدری اسد نے میڈیا کو بتایا کہ آپریشن عالم پرائیڈ،سیکٹر 5 جی، سیکٹر 11 جی گودھرا اور سیکٹر 5 جے میں کیا گیا جس کے دوران 40 افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے جن سے مزید تفتیش کی جارہی ہے۔ ایس پی چوہدری اسد نے مزیدبتایا کہ زیر حراست افراد میں سے 24 کا تعلق سنی تحریک سے ہے جبکہ 16 کا تعلق متحدہ قومی موومنٹ سے ہے۔ زیر حراست 40 افراد کو 4 مختلف تھانوں کے ایس ایچ اوز کے حوالے کیا گیا تھا جو مزید پوچھ گچھ کررہے ہیں۔ آپریشن رات گئے پاور ہاﺅس چورنگی پر موٹر سائیکل سوار ملزمان کی کلاشنکوف سے پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کے بعد کیا گیا ہے، جس کے نتیجے میں اے ایس آئی رحیم بخش جاں بحق ہوا تھا۔ دوسری طرف کراچی کے علاقے سرجانی ٹاﺅن سے ایک درجن سے زائد افراد کی گرفتاری کے خلاف علاقہ مکینوں کا احتجاج جاری ہے۔ تفصیلات کے مطابق شہر قائد کےعلاقے سرجانی ٹاﺅن کےعلاقہ مکین پاور ہاﺅس چورنگی پر شدید احتجاج کررہے ہیں۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ گزشتہ وز پولیس اور رینجرز نے ایک درجن سے زائد بے گناہ افراد کو گرفتارکیا، جبکہ گرفتار شدگان سے متعلق معلومات نہیں دی جارہی۔ مظاہرین میں ایم کیو ایم کے رکن اسمبلی وسیم قریشی بھی شریک ہیں۔ انھوں نے کہا کہ شہر میں جب بھی کوئی واقعہ ہوتا ہے ایم کیو ایم کے کارکنوں کے خلاف کارروائی شروع کردی جاتی ہے۔

Share this article

Leave a comment