Thursday, 28 November 2024


چیئرپرسن ہائرایجوکیشن کمیشن کےتقرر کے لئے6 رکنی تلاش کمیٹی قائم

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی ہائر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرپرسن کے تقرر کے سلسلے میں 6؍ رکنی تلاش کمیٹی قائم کردی ہے جس کا باقاعدہ نوٹیفیکیشن جاری کردیا گیا ہے۔

تلاش کمیٹی کا کنوینر وفاقی وزیر برائے تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت رانا تنویر کو مقرر کیا گیا ہے جبکہ ارکان میں ہلال احمر پنجاب کے چیئرمین جسٹس (ر) شیخ احمد فاروق، پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے سابق چیئرمین ڈاکٹر عمر سیف، علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر ضیاء القیوم ، بلوچستان یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے وائس چانسلر احمد فاروق بازئی اور سیکرٹری وزارت تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت ناہید شاہ درانی شامل ہیں۔

یہ کمیٹی ہائر ایجوکیشن کمیشن آرڈیننس 2002ء کے سیکشن 3کے تحت مشتہر کردہ معیار پر درخواستوں کی جانچ پڑتال اور شارٹ لسٹ کرے گی اور انٹرویو لینے اور کنٹرولنگ اتھارٹی کی منظوری کیلئے کم از کم تین موزوں / اہل امیدواروں کے پینل کی تجویز پیش کرے گی۔کمیٹی امیدواروں کی متعلقہ اہلیت اور تجربے کا جائزہ لینے کیلئے رہنما خطوط بھی تجویز کرے گی۔

چیئرمین ایچ ای سی کے عہدے کیلئے عمر کی کوئی حد مقرر نہیں ہے جبکہ امیدواروں کو درخواست جمع کرانے کیلئے محض 4؍ روز دئیے گئے تھے۔ چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر طارق بنوری کی چار سالہ مدت 28 مئی کو مکمل ہوگئی تھی تاہم سابق وزیر اعظم عمران خان کے دور میں آرڈیننس جاری کر کے ان کی مدت چار سال سے کم کرکے دو سال کرکے انہیں عہدے سے ہٹادیا گیا تھا تاہم وہ ہائی کورٹ کے احکامات کے بعد بحال ہوگئے تھے مگر اس عرصے تک وہ 8ماہ عہدے سے محروم رہے تھے۔ اس معیاد کی بحالی کیلئے انہوں نے وزیر اعظم کو خط بھی تحریر کر رکھا ہے۔

Share this article

Leave a comment