Thursday, 28 November 2024


سری لنکاکےخلاف مشکل حالات میں بھی بابراعظم کی بہترین کارکردگی جاری

کراچی: قیادت کا بوجھ بھی بابراعظم کی بیٹنگ پر اثرانداز نہ ہوسکا جب کہ انضمام الحق کا بطور کپتان سب سے زیادہ سنچریوں کا ریکارڈ برابر کردیا۔

بابراعظم کو 2019 میں پاکستان کا کپتان مقرر کیا گیا تھا، قیادت کا بوجھ پڑنے کے باوجود ان کی بیٹنگ متاثر نہیں ہوئی،وہ بطور کپتان مشکل سے مشکل صورتحال میں بھی بڑی اننگز کھیل کر صلاحیتوں کا اظہار کرچکے ہیں۔

سری لنکا سے جاری پہلے ٹیسٹ میں بھی انتہائی دشوار ترین صورتحال میں بابراعظم نے ثابت قدمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سنچری بنائی، یہ کپتان بننے کے بعد ان کی نویں تھری فیگر اننگز ہے، اس طرح انھوں نے سابق کپتان انضمام الحق کا بطور کپتان سب سے زیادہ سنچریوں کا ملکی ریکارڈ بھی برابر کردیا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ بابراعظم نے کپتان بننے کے بعد 70 ویں اننگز میں 9 ویں سنچری اسکور کی ، انضمام الحق نے اتنی سنچریاں 131 اننگز میں بنائی تھیں۔

پاکستان کی جانب سے بطور کپتان سب سے زیادہ سنچریاں بنانے والوں میں ویسے بھی بابراعظم کم اننگز کی وجہ سے سرفہرست ہوچکے ہیں، دوسرے نمبر پر 9 سنچریوں کے ساتھ انضمام موجود ہیں، مصباح الحق نے اپنے دور قیادت میں 189 اننگز کے دوران 8 سنچریاں بنائی تھیں، عمران خان نے 186 اننگز میں 6 سنچریاں بنائیں جبکہ اظہر علی نے 40 اننگز میں 5 سنچریاں اسکور کی تھیں۔

 

Share this article

Leave a comment