Thursday, 28 November 2024


قومی کرکٹرزکی میچ فیس میں 10 فیصداضافہ

کراچی: قومی کرکٹرز کی ٹیسٹ میچ فیس میں اضافہ کردیا گیا۔

پی سی بی نے یکم جولائی سے شروع ہونے والے نئے سینٹرل کنٹریکٹ کیلیے 30 جون کو منتخب کرکٹرز کی فہرست جاری کر دی تھی،اس بار ریڈ اور وائٹ بال کی مختلف کیٹیگریز میں مجموعی طور پر 33پلیئرز کو شامل کیا گیا ہے۔

کپتان بابر اعظم، شاہین شاہ آفریدی اورمحمد رضوان دونوں طرز کی ’’اے‘‘ کیٹیگریز میں شامل ہیں،تمام کیٹیگریز اے، بی ، سی، ڈی اور ای کے کرکٹرز کو ریڈ اینڈ وائٹ بال کی یکساں میچ فیس دی جائے گی، گذشتہ سال کی فیس میں 10 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔

ٹیسٹ میچ کا معاوضہ بڑھ کر 8لاکھ 38ہزار 530 روپے،، ون ڈے انٹرنیشنل کی میچ فیس 5لاکھ 15 ہزار 696 روپےجبکہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ کھیلنے پر3 لاکھ 72 ہزار75روپے ملیں گے۔

واضح رہے ٹیسٹ میچ کےلئےپہلے 7 لاکھ 62 ہزار 300روپے، ون ڈے انٹرنیشنل کی میچ فیس 4 لاکھ 68ہزار815 روپے تھا۔ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ کی پرانی فیس 3لاکھ 38 ہزار250 روپے تھی۔

دوسری جانب حسن علی ریڈ بال کی بی اور وائٹ بال کی سی کیٹیگری میں موجود ہیں، امام الحق ریڈ بال میں سی اور وائٹ بال میں بی کیٹیگری کے حقدار بنے، 10 پلیئرز کو صرف ریڈ بال کا کنٹریکٹ دیا گیا، اظہر علی کواے ، فواد عالم کو بی ، عبد اللہ شفیق، نعمان علی اور نسیم شاہ کوسی ، سرفراز احمد، شان مسعود، یاسر شاہ، عابد علی اور سعود شکیل کوڈی کیٹیگری میں شامل کیا گیا۔

صرف وائٹ بال کنٹریکٹ پانے والے 11 کرکٹرز فخر زمان اور شاداب خان اے ، حارث رئوف بی اور محمد نواز سی کیٹیگری میں شامل ہیں، شاہنواز دھانی، عثمان قادر، حیدر علی، آصف علی، خوشدل شاہ ، زاہد محمود اور محمد وسیم جونیئر کوڈی کیٹیگری میں جگہ ملی،ڈومیسٹک کرکٹ کے پرفارمرز 7کرکٹرز علی عثمان، حسیب اللہ، کامران غلام، قاسم اکرم، محمد حارث، محمد حریرہ اور سلمان علی آغا کو ایمرجنگ کیٹیگری میں رکھا گیا ہے۔

Share this article

Leave a comment