اسلام آباد: ملک بھر میں میٹرک اور انٹر کی سطح پر گریڈنگ سسٹم تبدیل کر کے 10؍ نکاتی نیا گریڈنگ سسٹم متعارف کرایا جارہا ہے جس کے تحت پاسنگ مارکس 33؍ فیصد سے بڑھا کر 40؍ فیصد کردئیے جائیں گے جبکہ فیل یعنی F گریڈ ختم کرکے U گریڈ یعنی ان سیٹسفائی گریڈ متعارف کرایا جارہا ہے۔
اسی طرح A ون گریڈ 100 تا 80 فیصد کے درمیان فرق کو ختم کر کے A پلس پلس 96 تا 100، A پلس91 تا 95؍ اور 86 تا 90کو A گریڈ کیا جارہا ہے۔
اس دس نظامی گریڈنگ سسٹم کی منظوری ملک بھر کے تمام تعلیمی بورڈ کے سربراہوں کے اجلاس (آئی بی سی سی ) میں دی جائے گی ۔ اجلاس میں چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر مختار کو بھی خصوصی طور پر شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔
اجلاس میں 81؍ تا 85فیصد نمبروں کو B پلس اور 76 تا 81 نمبروں B گریڈ کردیا جائے گا۔ اسی طرح میٹرک اور انٹر کے طلبہ کو نمبروں کے بجائے جامعات کی طرز پر گریڈنگ پوائنٹ ایورج (جی پی اے) دینے پر بھی غور ہوگا۔
اجلاس میں اس بات کی بھی منظوری دی جائے گی اپریل مئی میں میٹرک اور انٹر کے امتحانات اور اگست تک نتائج جاری ہوجائیں۔