Thursday, 28 November 2024


ڈیڑھ سال کےاندراے آئی چیٹ بوٹس بچوں کوپڑھنےاورلکھنےمیں مددفراہم کر رہےہوں گے

مانیٹرنگ ڈیسک : مائیکرو سافٹ کے شریک بانی بل گیٹس نے آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی کے حوالے سے نئی پیشگوئی کی ہے۔

امریکا میں ایک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بل گیٹس نے کہا کہ ڈیڑھ سال کے اندر اے آئی چیٹ بوٹس بچوں کو پڑھنے اور لکھنے میں مدد فراہم کر رہے ہوں گے۔

نومبر 2022 میں چیٹ جی پی ٹی کو متعارف کرائے جانے کے بعد سے ٹیکنالوجی کمپنیوں کی جانب سے اس سے ملتے جلتے چیٹ بوٹس کو تیار کرنے پر کام کیا جا رہا ہے۔

مائیکرو سافٹ نے تو براہ راست چیٹ جی پی ٹی کو ہی اپنے سرچ انجن، براؤزر اور دیگر سروسز کا حصہ بنا دیا ہے۔

بل گیٹس نے اس حوالے سے کہا کہ موجودہ عہد کے چیٹ بوٹس پڑھنے اور لکھنے کی بہت زیادہ قابلیت رکھتے ہیں اور آئندہ چند ماہ کے اندر طالبعلم ان کی مدد سے اپنی صلاحیتوں کو بہتر بنا سکیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ اب تک کمپیوٹر کے لیے لکھنے کی تعلیم دینا بہت زیادہ مشکل کام ثابت ہوا ہے کیونکہ وہ انسانوں کی طرح تجزیہ کرنے کے قابل نہیں ہوتے۔

مائیکرو سافٹ کے شریک بانی نے کہا کہ اب تبدیلی آ رہی ہے اور اے آئی ٹیکنالوجی کو استاد کے طور پر استعمال کرنے سے اخراجات میں کمی آئے گی۔

یہ پہلی بار نہیں جب بل گیٹس کی جانب سے اے آئی ٹیکنالوجی کے حوالے سے جوش و خروش کا اظہار کیا گیا۔
مارچ 2023 میں ایک بلاگ پوسٹ میں بل گیٹس نے اے آئی ٹیکنالوجی کو مائیکرو پراسیسر، پرسنل کمپیوٹر، انٹرنیٹ اور موبائل فون جتنا اہم قرار دیا تھا۔

اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ یہ ٹیکنالوجی لوگوں کے کام کرنے، سیکھنے، سفر، طبی نگہداشت اور ایک دوسرے سے رابطوں کو بدل کر رکھ دے گی۔

بل گیٹس نے دنیا بھر کی حکومتوں سے مطالبہ کیا کہ وہ ٹیکنالوجی انڈسٹری کے ساتھ مل کر اے آئی سے جڑے خطرات کو محدود کریں۔

Share this article

Leave a comment