Thursday, 28 November 2024


چیمپئنزٹرافی 2025صرف پاکستان میں کروانےکافیصلہ

کراچی: چیمپئنز ٹرافی 2025 صرف پاکستان میں ہی میچز کھیلنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔

گذشتہ دنوں پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ ذکا اشرف نے امارات کرکٹ بورڈ کے نائب چیئرمین خالد زورانی سے بھی ملاقات کی تھی، اس موقع پر چیمپئنز ٹرافی کا ذکر نہیں ہوا، البتہ یو اے ای نے پاکستان کو اپنے غیرمشروط تعاون کا یقین دلا دیا ہے۔

چیمپئنز ٹرافی 2025 کا انعقاد فروری ،مارچ میں ہونا ہے،اب تک صرف پاکستان میں ہی میچز کو ذہن میں رکھ کر پلان بنایا گیا ہے، گوکہ بھارتی ٹیم کے دورے کا کوئی امکان نہیں لگتا لیکن اس حوالے سے کوئی فیصلہ وقت آنے پر ہی ہوگا۔

ذرائع نے بتایا کہ چیمپئنز ٹرافی کے دوران ایسی صورتحال میں یو اے ای میں چند میچز کا انعقاد خارج از امکان نہیں لیکن اضافی اخراجات آئی سی سی کو ہی برداشت کرنا پڑیں گے،ایسی صورتحال میں ٹورنامنٹ کا فارمیٹ بھی بدلنا پڑے گا۔

مئی میں آئی سی سی کے چیئرمین گریگ بارکلے اور سی ای او جیف ایلرڈائس نے پاکستان کا دورہ کیا تھا مگر مسئلہ حل نہیں ہو پایا تھا، پاکستان نے موقف اختیار کیا تھا کہ اگر کسی ملک نے سیکیورٹی کو جواز بنا کر ٹیم بھیجنے سے انکار کیا تو یکطرفہ فیصلے سے گریز کرتے ہوئے کسی آزادانہ سیکیورٹی ایجنسی سے صورتحال کا جائزہ لینا ہوگا،آئی سی سی نے یہ مطالبہ تسلیم کر لیا ہے۔

یاد رہے کہ بھارت کی جانب سے دورے سے انکار پر پی سی بی نے رواں برس ہائبرڈ ماڈل کے تحت ایشیا کپ کا سری لنکا میں انعقاد کیا تھا، صرف چار میچز ہی ملک میں ہو سکے تھے۔

Share this article

Leave a comment