Thursday, 28 November 2024


پاک فوج اور فرنٹیئر کورصوبے بھر میں علم کی روشنی پھیلانے میں مصروف

اسلام آباد: پاک فوج اور فرنٹیئر کور خیبرپختونخوا حکومت کے اشتراک سے صوبے بھر میں علم کی روشنی پھیلانے میں مصروف ہیں۔

خیبرپختونخوا میں پاک فوج کا "علم ٹولو دا پارہ" یعنی (تعلیم سب کےلیے) پروگرام کے تحت 9 پائلٹ پراجیکٹس پر ہنگامی بنیادوں پر کام شروع کر دیا گیا، پروگرام کا مقصد نوجوانوں کو علم کے زیور سے آراستہ کر کے ملکی ترقی و خوشحالی میں حصہ دار بنانا ہے۔

پروگرام کے تحت درہ آدم خیل، مہمند، تیراہ، حسن خیل، کرم، جانی خیل، ٹانک، سراروغہ اور انگور اڈہ میں نو پائلٹ پراجیکٹس پر کام شروع کیا گیا، 15 اکتوبر2023 کو شروع ہونے والے پروگرام کے ابتدائی مرحلے میں فروغ تعلیم کیلئے مختلف امور پر کام کیا گیا۔

اعلامیے کے مطابق اب تک 4 ہزار سے زائد بچے اور بچیاں اس پروگرام سے مستفید ہو چکے ہیں، اس کے علاوہ چار مختلف سنٹرز میں 500 سے زائد بچیاں ڈیجیٹل سکلز کے کورسز بھی کر رہی ہیں، اس پروگرام کے تحت 24 غیر فعال سکولوں کو بھی فعال کیا گیا ہے۔

ایڈلٹ لرننگ پروگرام کے تحت 250 ایڈلٹس کو مختلف کورسز میں تربیت دی جا رہی ہے۔

اسی طرح کمپوزٹ یوتھ پروگرام کے تحت نوجوانوں کی تخلیقی صلاحیتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے غیر نصابی عمل سے مرحلہ وار تربیت دی جا چکی ہے، علم کے حصول کے اس عمل کو ہر بچے تک پہنچانے کیلئے پاک فوج تمام تر کوششیں بروئے کار لائے گی۔

Share this article

Leave a comment