Thursday, 28 November 2024


صحت بخش غذا،صحت مند معاشرہ تشکیل دے گی،ڈاکٹر سروش لودھی

کراچی:  جامعہ این ای ڈی کے شعبہ فوڈ انجینئرنگ کے تحت دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ جس کی صدارت شیخ الجامعہ ڈاکٹر سروش حشمت لودھی نے کی۔

 اس موقعے پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوۓ شیخ الجامعہ ڈاکٹر سروش لودھی کا کہنا تھا کہ گھر، معاشرے کا انفرادی یونٹ ہے اور ماں معاشرہ تشکیل دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پیدا ہونے والے ہر بچے کو یرقان ہوتا ہے جس کی بنیادی وجہ ماں کی غذا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری ماؤں کو صحت بخش غذا کی ضرورت ہے۔ مزید کہا کہ صحت بخش غذا، صحت مند معاشرہ تشکیل دے گی۔ ان کا مزیدکہنا تھا کہ غذائی معاملات پر تحقیق کی جانب توجہ کی اشد ضرورت ہے۔ صدر پاکستان سوسائیٹی آف مائیکرو بیالوجی ڈاکٹر شاہانہ عروج کاظمی نے بحیثیت کی نوٹ اسپیکر شرکت کی، ان کا کہنا تھا کہ ہمارا مقصد غذا کی صحت سے متعلق آگہی دینا ہے۔ نوجوان اپنے تعلیمی اداروں سے سیکھیں تاکہ معاشرے میں آگہی و اطلاق کا مرحلہ شروع ہو۔

مہمانِ خصوصی ڈائریکٹر جنرل فوڈ اتھارٹی آغا فخر حسین نےخطاب کرتےہوۓ این ای ڈی کے شعبہ فوڈ انجینئرنگ کی کاوشوں کو سراہا۔ ان کا کہنا تھاکہ سندﮪ فوڈ اتھارٹی نے ہمیشہ کوشش کی ہے کہ حفظان صحت کے اُصولوں پر سمجھوتہ نہ کیا جائے گا۔ 

 ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم جامعات کے ساتھ مل کر تحقیقی لیبارٹریز بنا رہے ہیں تاکہ اساتذہ کی رہنمائی میں غذائی معاملات کی آگہی طالب علموں تک ہو۔ این ای ڈی ٹیکنالوجی کی دنیا کا منفرد نام ہے غذائی معاملات کو ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ جامعہ کی ترجمان کے مطابق اس کانفرنس میں 22 مقالہ جات پڑھے گئے جب کہ چیئرمین شعبہ فوڈ ڈاکٹر ظہور اعوان نے ملکی اور غیر ملکی ماہرین کا آمد پر شکریہ ادا کیا اور سوینیرز بھی پیش کیے گئے۔ 

پرووائس چانسلر ڈاکٹر محمد طفیل سمیت ڈی جی فوڈ اتھارٹی آغا فخر حسین درّانی نے کانفرنس میں شرکت کی۔

Share this article

Leave a comment