Thursday, 28 November 2024


حکومتِ سندھ کی این ای ڈی کے لیے کاوشوں کے ممنون ہیں، ڈاکٹر سروش لودھی

کراچی: جامعہ این ای ڈی کے تحت بتیسویں سینٹ کا اجلاس منعقد کیا گیا۔ جس کی کمان بحیثیت چئیرمین سینٹ شیخ الجامعہ ڈاکٹر سروش حشمت لودھی نے سنبھالی۔

سینٹ کے اس اجلاس میں 23-2022 کے سالانہ اکاؤنٹ کی حتمی رپورٹ کی منظوری 24-2023 کی فائنل ڈیمانڈ کی منظوری جب کہ 25-2024 کا بجٹ بھی پیش کیا گیا۔

اجلاس کا آغاز کرتے ہوئے شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر سروش حشمت لودھی نے بجٹ کے حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ 24-2023 کے بجٹ کاآغاز (266.444) ملین کے خسارے سے ہوا تھا لیکن یونی ورسٹی اسے 1.803 ملین کے سرپلس سے اختتام کررہی ہے جب کہ 25-2024 کا بجٹ 5,172.541 ملین کا ہے، اس بجٹ کی ابتدا، تخمینے کے تحت (320.860)ملین کے خسارے سے ہورہی ہے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر سروش کا کہنا تھا کہ ہم سندھ حکومت بالخصوص وزیرِ اعلی سندھ سید مراد علی شاہ کی این ای ڈی کے لیے کاوشوں کے ممنون ہیں۔

اس موقعے پر سیکریٹری جامعات و بورڈز عباس بلوچ کا کہنا تھاکہ این ای ڈی کا بڑھتا ہوا معیار اور اس کے فارغ التحصیل انجینئرز پورے ملک کے نوجوانوں کے لیے مثال ہیں۔ پچھلے آٹھ سالہ دور میں جامعہ کا بجٹ سرپلس میں تبدیل کرنے پر شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر سروش حشمت لودھی سمیت تمام ٹیم مبارک باد کی حق دار ہے۔ اجلاس میں ڈین ڈاکٹر سعد قاضی نے سالانہ کارکردگی رپورٹ جب کہ ڈائریکٹر فنانس سجیرالدین نے سالانہ بجٹ پیش کیا۔ بتیسویں سینٹ اجلاس میں پرووائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد طفیل، رجسٹرار سید غضنفر حسین سمیت 75 ممبران نے شرکت کی۔

Share this article

Leave a comment