Thursday, 28 November 2024


متعدد جامعات وائس چانسلرزکی عدم تعیناتی کےباعث شدیدانتظامی اورمالی بحران کاشکار

پنجاب کی متعدد جامعات میں وائس چانسلرز کی عدم تعیناتی کی وجہ سے شدید انتظامی اور مالی بحران پیدا ہو چکا ہے۔

یونیورسٹی اساتذہ کی نمائندہ تنظیم فپواسا پنجاب کے صدر ڈاکٹر خاور نوازش نے اپنے بیان میں اسے حکومتی بے حسی کے مترادف قرار دیتے ہوئے احتجاج کا عندیہ ظاہر کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نئی حکومت کو اقتدار میں آئے چھ ماہ سے زائد کا عرصہ گزر چکا ہے لیکن اعلیٰ تعلیمی اداروں کی سنگین صورتحال کے حل کے لیے کوئی ٹھوس قدم نہیں اٹھایا گیا۔

وزیرِ اعلی اقتدار سنبھالنے کے بعد سے اس بات سے بخوبی آگاہ ہیں کہ پنجاب کی پچیس جامعات ایک طویل عرصے سے وائس چانسلر کے بغیر کام کر رہی ہیں جس سے جامعات کے بجٹ، داخلے ، اور پالیسی سازی کے اہم معاملات بھی متاثر ہو رہے ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ جون کے آغاز پر نئے وائس چانسلرز کی تعیناتیوں کے لیے درخواستیں طلب کی گئیں ، تین ماہ کا عرصہ گزر گیا لیکن تعیناتیوں کا عمل مکمل نہیں ہو سکا۔ پنجاب یونیورسٹی، بہاؤ الدین زکریا یونیورسٹی، اور اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور سمیت کئی جامعات کے نئے مالی سال کے بجٹ کی منظوریاں وائس چانسلرز نہ آنے کی وجہ سے نہیں ہو سکیں۔

Share this article

Leave a comment