Thursday, 28 November 2024


چین کے وزیراعظم لی چیانگ آج پاکستان پہنچیں گے

اسلام آباد : چینی وزیراعظم لی چیانگ شنگھائی تعاون تنظیم کےسربراہان اجلاس میں شرکت کے لئے آج پاکستان پہنچ رہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے لیے مہمانوں کی آمد کا سلسلہ شروع ہوگیا۔

چین کے ریاستی کونسل کے وزیر اعظم مسٹر لی چیانگ آج چار روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچیں گے، وزیر اعظم لی کا وفد وزراء اور اعلیٰ حکام ہر مشتمل ہوگا، جن میں وزارت خارجہ، تجارت، نیشنل ڈیولپمنٹ اینڈ ریفارم کمیشن اور چائنا انٹرنیشنل ڈیولپمنٹ کوآپریشن ایجنسی کے نمائندے شامل ہیں۔


چین کا پندرہ رکنی وفد پہلےہی پہنچ چکا ہے،دورے کے دوران چینی وزیراعظم شنگھائی تعاون تنظیم کےسربراہان اجلاس میں شرکت کریں گے، اس موقع پر دونوں ممالک اپنے بنیادی مفادات پر باہمی حمایت کی توثیق کریں گے۔

شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس سے قبل پاک چین دو طرفہ مزاکرات ہوں گے ، وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر اعظم لی چیانگ اپنے اپنے وفود کی قیادت کریں گے، ملاقات میں پاکستان اور چین کے تعلقات کے تمام پہلوؤں پر تفصیلی گفتگو کریں گے، جن میں اقتصادی، معاشی اور تجارتی تعلقات اور سی پیک کے تحت تعاون شامل ہے جبکہ دونوں فریقین علاقائی اور عالمی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔

چینی وزیر اعظم صدر آصف علی زرداری سے بھی ملاقات کریں گے جبکہ پاکستان کے پارلیمانی رہنماؤں اور اعلیٰ فوجی قیادت سے بھی بات چیت کریں گے۔

Share this article

Leave a comment