Thursday, 28 November 2024


’آئندہ چند روز میں مزید خوشخبریاں ملیں گی‘: وزیر اعظم کا قوم کے نام پیغام

اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے اسٹاک مارکیٹ میں پوائنٹس کی تاریخی سطح عبور کرنے پر قوم کے نام اہم پیغام جاری کر دیا۔

وزیر اعظم نے اسٹاک مارکیٹ میں 90 ہزار پوائنٹس کی تاریخی سطح عبور کرنے پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اسٹاک مارکیٹ میں بتدریج اضافہ سرمایہ کاروں کے اعتماد کی عکاسی ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ 14 سال بعد اسٹاک مارکیٹ میں ایسا اضافہ معاشی ٹیم کی انتھک محنت کا نتیجہ ہے، بجلی صارفین کے ریلیف کیلیے آئی پی پیز سے معاہدوں پر نظر ثانی شروع ہو چکی ہے جبکہ آئی ایم ایف سے 7 ارب ڈالر کی لانگ ٹرم فسیلٹی معیشت میں بہتری لے کر آئے گی۔


انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ڈیفالٹ کے دہانے پر پہنچانے والوں کے خواب چکنا چور ہوگئے، عوام سے عہد کیا تھا ملک کو مجرمانہ غفلت کی بھینٹ نہیں چڑھنے دوں گا، ہم نے سیاست کی قربانی دے کر ریاست بچائی۔

ان کا کہنا تھا کہ آج اللہ کے فضل و کرم سے پاکستان میں ہر محاذ پر بہتری آئی ہے، پر امید ہوں آئندہ چند روز میں معاشی بہتری میں مزید خوشخبریاں ملیں گی۔

پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کے آخری دن زبردست تیزی دیکھی گئی۔ ہنڈریڈ انڈیکس 90 ہزار کی تاریخی سطح عبور کر گیا۔

کریکشن کے بعد انڈیکس ایک ہزار سینتالیس پوائنٹس اضافہ کے ساتھ نواسی ہزار نو سوتیرانوے پوائنٹس پر بند ہوا۔ دوران کاروبار ہندریڈ انڈیکس میں سولہ سو اڑتالیس پوائنٹس تک کا زبردست اضافہ دیکھا گیا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ حکومتی معاشی پالیسیوں کی وجہ سے سرمایہ کاروں کو اعتماد ملا ہے، متوقع شرح سود میں کمی سے انسٹیٹیوشن خریداری میں اضافہ ہوا ہے جس سے مارکیٹ میں تیزی دیکھی جا رہی ہے۔

Share this article

Leave a comment