Thursday, 28 November 2024
×

Warning

JUser: :_load: Unable to load user with ID: 46


الیکشن کمشنر کی تعیناتی کے لیے مزید تین ماہ کی مہلت کی درخواست مسترد

ایمز ٹی وی (اسلام آباد) پاکستان سپریم کورٹ نے قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ کی طرف سے چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی میں مزید تین ماہ کی مہلت سے متعلق دائر درخواست مسترد کر تے ہوئے کہا ہے کہ اس آئینی عہدے پر 13 نومبر تک تعیناتی عمل میں لائی جائے اور اس معاملے میں اب مزید تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔ چیف جسٹس ناصر الملک کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے جمعرات کو انتخابی اصلاحات سے متعلق درخواستوں کی سماعت کی۔ عدالت کا کہنا تھا کہ ملک میں رائج قوانین کے تحت ہی چیف الیکشن کمشنر کا تقرر کیا جائے جبکہ ایک سال سے چیف الیکشن کمشنر کا عہدہ خالی ہونے کی وجہ سے الیکشن کمشن کے امور میں دشواریاں پیش آرہی ہیں۔ چیف جسٹس ناصر الملک کا اس موقعہ پر کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کا ایک جج اس آئینی عہدے پر اضافی ذمہ داریاں ادا کر رہا ہے جس کی وجہ سے عدالتی امور متاثر ہو رہے ہیں۔ خیال رہے کہ جسٹس ریٹائرڈ فخرالدین جی ابراہیم کے چیف الیکشن کمشنر کے عہدے سے مستعفی ہونے کے بعد موجودہ چیف جسٹس ناصر الملک سمیت متعدد سپریم کورٹ کے ججز اس عہدے پر اپنی ذمہ دایاں ادا کرتے رہے ہیں جبکہ اس وقت سپریم کورٹ کے جج جسٹس انور ظہیر جمالی بطور قائم مقام چیف الیکشن کمشنر کے طور پر اپنی ذمہ داریاں ادا کر رہے ہیں۔

Share this article

Leave a comment