Thursday, 28 November 2024


تحریک انصاف کے فردوس شمیم نقوی کا بیان

ایمز ٹی وی(کراچی)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سینئر رہنما فردوس شمیم نقوی نے کہا ہے کہ لاہور اور کراچی کے کامیاب جلسوں کے بعد موروثی سیاستدان حواس باختہ ہوچکے ہیں ، مسلم لیگ اور پیپلز پارٹی ایکدوسرے کی انشورنس پالیسی ہیں اور یہ دونوں نااہل جماعتیں ملک پاکستان کی خیر خواہ نہیں ہیں ۔ یہ اپنی موروثی سیاست کو ہی جمہوریت سمجھتے ہیں لیکن دراصل حقیقی جمہوریت آج تک پاکستان میں آئی ہی نہیں ہے اس لیے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان حقیقی جمہوریت کے لیے کوشاں ہیں ۔ یہ باتیں انہوں نے مرکزی میڈیا سیل کراچی کے اراکین سے ملاقات کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہیں ۔ فردوس شمیم نقوی نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کے آزادی مارچ اور دھرنوں کے باعث عوام میں سیاسی شعور اجاگر ہوا ہے اس لیے آج عام پاکستانی اپنے حقوق کے حصول کے لیے ان بدمعاش اور کرپٹ حکمرانوں کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑے ہوگئے ہیں ۔ آج حکمران ٹولہ جہاں بھی جاتا ہے انہیں وہاں عوام کے غیض و غضب اور گو نواز گو کے نعرے کا سامناکرنا پڑتا ہے جو جمہوری تبدیلی کی عکاسی کرتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ 90کی دہائی نہیں ہے کہ قوم سبز باغ دکھا کر انہیں بےوقوف بنایا جاسکے بلکہ یہ 2014ہے جہاں آج ہر پاکستانی سیاسی سوج بوجھ رکھتے ہیں جو اپنے مستقبل کے ساتھ ساتھ پاکستان کے مستقبل کے لیے بھی فکرمند ہیں ۔ تحریک انصاف اس فرسودہ نظام کے خاتمے کے لیے جمہوری جدوجہد کررہی ہے اور پوری قوم کو جگا رہی ہے ، پاکستانی عوام یہ فیصلہ کرچکی ہے کہ اب وہ کسی صورت اس دھاندلی زدہ حکمرانوں کو برداشت نہیں کرینگے۔

Share this article

Leave a comment