Friday, 29 November 2024


تیسرے بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں عروج پر

ایمزٹی وی(اسلام آباد) سندھ اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے تیسرے مرحلے کے لئے پنجاب کے 12 اور سندھ کے 6 اضلاع میں 5 دسمبر کو پولنگ ہوگی جب کہ بیلٹ پیپرز کی چھپائی کا عمل فوج کی نگرانی میں جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق سندھ اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے تیسرے مرحلے کے لیے چیف الیکشن کمشنر سردار رضا محمد کی زیرصدارت اجلاس ہوا۔ جس میں سیکریٹری داخلہ پنجاب، سیکریٹری بلدیات، آئی جی، ڈی جی ملٹری سمیت الیکشن کمیشن کے حکام سمیت تمام بارہ اضلاع کے ڈی آر اوز نے بھی شرکت کی۔ اجلاس کے دوران بتایا گیا کہ بلدیاتی انتخابات کے تیسرے مرحلے میں پنجاب کے لئے 3 کروڑ 41 لاکھ 7 ہزار911 بیلٹ پیپرز جب کہ سندھ میں 1 کروڑ57 لاکھ 67 ہزار674 بیلٹ پیپرز چھاپے جا رہے ہیں۔تفصیلات کے مطابق 5 دسمبر کو پنجاب کے جن اضلاع میں پولنگ ہوگی ان میں راولپنڈی، ملتان، ڈی جی خان، بہاولپور،سیالکوٹ سمیت مظفرگڑھ ،لیہ ،رحیم یارخان، سیالکوٹ، نارووال، خوشاب، جھنگ اورراجن پور شامل ہیں۔ پنجاب میں چیئرمین،وائس چیرمین کے لئے نیلے رنگ کابیلٹ پیپرہوگا جبکہ سندھ کے اضلاع میں کراچی ویسٹ، کراچی ایسٹ، کراچی ساؤتھ ، کراچی سینٹرل، کورنگی اورملیرکے اضلاع شامل ہیں جہاں چیرمین اوروائس چیرمین کے لئے سبزرنگ کا بیلٹ پیپر چھاپا جارہاہے جب کہ مجموعی طور پر ایک کروڑ 57 لاکھ 67 ہزار 674 بیلٹ پیپرزچھاپے جائیں گے۔

Share this article

Leave a comment