Friday, 29 November 2024


ضلع شکارپور کے بند 200 اسکول گوداموں اور بھینسوں کے باڑوں میں تبدیل

ایمز ٹی وی (ایجوکیشن) حکومت و محکمہ تعلیم کی عدم توجہی اور اعلیٰ حکام کی کرپشن کے باعث ضلع شکارپور کی چاروں تحصیلوں شکارپور،گڑھی یاسین، خانپور اور لکھی غلام شاہ کے مختلف چھوٹے بڑے شہروں سمیت دیہاتوں میں کئی برسوں سے بند پڑے ہوئے 200سے زائد اسکولوں کو اب تک نہیں کھلوایا جاسکا ہے۔انہی بند پڑے ہوئے اسکولوں میں اب تک بااثر افراد نے بھینسوں کے باڑے، مال گودام اور ذاتی بیٹھکیں قائم کر رکھی ہیں۔

اسکولوں کی اس حالت کےباعث ہزاروں بچوں کامستقبل داؤ پر لگا ہوا ہے۔ حکومت کی جانب سے تعلیم کے بجٹ سےخرچ کئے گئےکروڑوں روپوں کے باوجود بچے تعلیم جیسے زیور اور بنیادی حق سے محروم ہیں۔ ضلع بھرکے چھوٹے بڑے شہروں سمیت دیہاتوں میں بندپڑے ہوئے متعدداسکولوں میں مقررکیاگیا تدریسی و غیر تدریسی عملہ گھر بیٹھے ہوئے مفت کی تنخواہ کے مزے لوٹ رہا ہے،جبکہ بچے معاشرتی بےراہ روی کا شکار ہوتے جارہے ہیں۔ بچوں کی تعلیم کو دیمک کی طرح چاٹنے والے سینکڑوں اساتذہ نے تو اپنے اسکول کا منہ تک نہیں دیکھا ہوگا۔دوسری جانب جن اسکولوں میں درس و تدریس کا عمل جاری ہےوہاں محکمہ تعلیم کی جانب سے طلباء وطالبات سمیت اساتذہ کو بنیادی سہولیات تک میسر نہیں ہیں، جہاں اسکولوں کی زبوں حالی کے باعث طلباءوطالبات خوف کے سائے تلے تعلیم حاصل کرنے پر مجبور ہیں۔

اب ضروروت اس امر کی ہے کہ حکومت پاکستان، حکومت سندھ، تعلیم کے وزراء سمیت اعلیٰ حکام کو تعلیم میں سدھاروں کے لئے نیا نظام متعارف کرانا چاہئےیا پھر پہلے سے بنے اس نظام پر بہتر نمونے سے عملدرآمد کراکے مستقبل کے ان معماروں کو تعلیم جیسے زیور سے آراستہ کرکےانہیں بھی اس ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی میں شامل کیا جائے۔

Share this article

Leave a comment