Friday, 29 November 2024


مدارس انسداد دہشت گردی میں حکومت کی معاونت کر رہے ہیں: چوہدری نثار

ایمز ٹی وی (اسلام آباد) وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے کہا ہے کہ ملک میں موجود دینی مدرسے انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خلاف حکومت کی معاونت کر رہے ہیں اور جلد ہی دہشت گردی کے خلاف نظریے کو اسلامی تصور کے مطابق علما کرام کے ذریعے ذرائع ابلاغ پر نشر کیا جائے گا۔

 

پاکستان میں دینی مدارس پر یہ کہہ کر تنقید کی جاتی رہی ہے کہ یہ انتہا پسندی کو فروغ دینے میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں جب کہ رواں ہفتے ہی امریکی ایوان نمائندگان کی کمیٹی برائے امور خارجہ کے سربراہ ایڈ روئس کا کہنا تھا کہ پاکستان کو چاہیئے کہ وہ فوراً ایسے مدرسوں کے خلاف کارروائی کرے جو بنیاد پرستی کا پرچار کرتے ہیں۔

 

لیکن ایوان زیریں یعنی قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے پاکستانی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ مدرسے اور علما کرام دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہمارے معاون ہیں نہ کہ ہدف۔

 

"مدرسوں نے کون سی دہشت گردی کی ہے جو ہم ان کے خلاف ایکشن لیں مدرسوں نے ہر مقام پر ہمارا ساتھ دیا ہے، بیانیے پر ہمارا ساتھ دیا ہے، مذاکرات میں ہمارا ساتھ دیا ہے۔ اگر چند مدرسوں سے پڑھ کر کوئی دہشت گردی کرتا ہے تو بہت سارے اعلیٰ اسکولوں سے پڑھ کر بھی لوگ دہشت گردی کرتے ہیں ان اسکولوں کے خلاف بھی ہم ایکشن لیں۔"

 

ان کا کہنا تھا کہ مدرسوں کی رجسٹریشن اور اس میں پڑھائے جانے والے نصاب پر حکومت اور ان مدارس کے منتظمین میں اتفاق ہو گیا ہے اور جو مدرسہ شدت پسندی کی تربیت دینے میں ملوث پایا گیا اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

Share this article

Leave a comment