Friday, 29 November 2024


جنرل راحیل کی افغان ہم منصب سے ملاقات!

ایمزٹی وی(راولپنڈی) سربراہ پاک فوج جنرل راحیل شریف نے ایک روزہ دورہ کابل کے موقع پر افغان حکام سے ملاقاتیں کیں۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق کابل میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے افغان صدراشرف غنی، افغان چیف ایگزیکٹوعبداللہ عبداللہ اوراپنے ہم منصب سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔اس موقع پرخطے کی سیکیورٹی کی صورتحال،افغان امن عمل سےمتعلق مستقبل کے لائحہ عمل، افغان قیادت سے سیکیورٹی امور اور انٹیلی جنس معلومات کےتبادلے پر بات چیت کی گئی۔ ملاقات کے دوران سرحد کے دونوں اطراف انسداددہشت گردی آپریشن میں تعاون کی ضرورت پرزوردیتے ہوئے اتفاق کیا گیا کہ انٹیلی جنس معلومات کے تبادلے سے سرحد پاردہشت گردی کوختم کیاجائے گا اورتشدد کے راستے سے نہ ہٹنے والےعناصرسے باہمی طے شدہ فریم ورک کے تحت نمٹاجائے گا جس کے لئے ایک دوسرے کے خلاف اپنی سرزمین استعمال ہونے نہیں دی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق اس موقع پر آرمی چیف کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کی سرحد پار نقل و حرکت کی روک تھام کے لئے موثر طریقہ کار کی ضرورت ہے اور خفیہ معلومات کی بنیاد پر تشدد میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں کی جائیں جبکہ افغان صدرکا کہنا تھا کہ جنرل راحیل شریف سے ملاقات طالبان سے امن مذاکرات کے حوالے سے مفید ثابت ہوگی۔ اس کے علاوہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے اپنے افغان ہم منصب سے بھی ملاقات کی جس کے بعد انھیں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔

Share this article

Leave a comment