Thursday, 28 November 2024


کوالیفایئڈ پائلٹ بنا پروفیشنل کرکٹر۔۔۔!

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) کوا لیفائیڈ پائلٹ عثمان خواجہ مکمل پروفیشنل کرکٹر کے روپ میں ڈھل گئے، پاکستانی نژاد بیٹسمین کرکٹ کے ساتھ مذہبی فرائض کی انجام دہی جاری رکھے ہوئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق عثمان خواجہ ایک کوالیفائیڈ پائلٹ ہیں مگر اب مکمل طور پر پروفیشنل کرکٹر بن چکے ہیں ،رواں سمر سیزن میں انھوں نے مسلسل چار ٹیسٹ سنچریاں اسکور کیں تاہم کرکٹ مصروفیات کیساتھ وہ مذہبی فرائض کی ادائیگی میں بھی کوئی کوتاہی نہیں برتتے، پہلے وہ اپنے عقائد کے بارے میں بات نہیں کرتے تھے لیکن پہلی مرتبہ اس بارے میں اظہار کیا، عثمان خواجہ نے کہاکہ شروع میں مینجمنٹ نے مجھے محتاط رہنے کا مشورہ دیا تھا تاہم اب میں اس پر بات کرتا ہوں، انھوں نے کہا کہ میں باقاعدگی سے نماز پڑھتا ہوں۔ عثمان نے بتایا کہ جب میں نے گابا میں سنچری اسکور کی تو اس وقت کمنٹری باکس میں موجود مائیکل سلیٹر نے کہا کہ یہ کسی بھی مسلمان کی جانب سے آسٹریلیا کے لئے پہلی سنچری ہے، مجھے یہ سن کر کافی اچھا لگا۔ عثمان اپنی اسٹیٹ کوئنز لینڈ کے کپتان ہیں جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا وہ مستقبل میں آسٹریلوی ٹیم کی قیادت کرسکتے ہیں تو ان کا کہنا تھا کہ اسمتھ اور وارنر مجھ سے کم عمر اور کافی عرصے سے ٹیم میں ہیں، میں نہیں سمجھتا کہ میرا نمبر آسکتا ہے۔

Share this article

Leave a comment