Thursday, 28 November 2024


اپنی موت کے چار صدیاں بعد شیکسپیئر برطانوی سکوں پر

ایمز ٹی وی (اسپیشل رپورٹ) انگریزی زبان کے عظیم ڈرامہ نگار ولیم شیکسپیئر، لندن کی تاریخی آگ اور ہیسٹِنگز کی جنگ اس سال برطانوی پاؤنڈ کے سکوں پر دکھائی دیں گے۔ اس اقدام کا مقصد متعدد اہم، تاریخی اور یادگار واقعات اور افراد کو یاد کرنا ہے۔

ذرائع کے مطابق برطانوی کرنسی پاؤنڈ سٹرلنگ کے سکے جاری کرنے والے ملکی ادارے رائل مِنٹ کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ یہ محکمہ پہلی عالمی جنگ اور انگریز مصنفہ بیئٹرکس پوٹرکے بارے میں بھی یادگاری سکے جاری کرے گا۔ مِنٹ کے مطابق رواں برس ان واقعات، تنظیموں اور افراد سے متعلق خصوصی یادگاری سکے جاری کیے جائیں گے، جو برطانوی تاریخ میں کلیدی اہمیت کے حامل ہیں۔

   

   

سن 1616میں وفات پانے والے عظیم ڈرامہ نگار اور شاعر شیکسپیئر کی اس سال منائی جانے والی 400 ویں برسی کے موقع پر دو دو پاؤنڈ کے مختلف لیکن خصوصی سکے جاری کیے جائیں گے۔ ان سکوں پر شیکسپیئر کے شاہکار ڈراموں کے المناک، مزاحیہ اور تاریخی لمحوں کو یاد کیا جائے گا۔

دو پاؤنڈ کے ایسے ہی نئے سکوں پر دی گریٹ فائر آف لندن کی برسی کو بھی یاد کیا جائے گا۔ 350 برس قبل ایک بیکری میں لگنے والی یہ آگ اتنی پھیل گئی تھی کہ اس کے نتیجے میں لندن شہر کا ایک بڑا حصہ جل کر خاکستر ہو گیا تھا۔

رائل منٹ کے مطابق پہلی عالمی جنگ میں برطانوی فوجی کردار کو سراہنے کے لیے دو پاؤنڈ کے خصوصی سکوں کے اجراء کا سلسلہ جاری رہے گا۔ یہ جنگ سن 1914 سے 1918ء تک لڑی گئی تھی اور اسی نسبت سے اس جنگ کے سو برس مکمل ہونے پر خصوصی سکے جاری کیے جا رہے ہیں۔

یہ بات اہم ہے کہ دو پاؤنڈ کا سکہ برطانیہ میں عوامی سطح پر زیر استعمال سب سے بڑی مالیت کا سکہ ہے، جس سے پہلے کرنسی کی مالیت کی ترتیب میں ایک پاؤنڈ کا سکہ آتا ہے اور جس کے بعد پانچ پاؤنڈ سب سے چھوٹی مالیت کا کرنسی نوٹ ہوتا ہے۔

اس کے علاوہ 1066ء میں ہونے والی ہیسٹِنگز کی جنگ کے ساڑھے نو سو برس مکمل ہونے پر پچاس پینس کے سکے پر یادگاری نقوش بھی وضع کیے جائیں گے۔

اسی طرح بچوں کی کہانیاں لکھنے والی مایہ ناز انگریز مصنفہ بیئٹرکس پوٹر کی 150 ویں سالگرہ کو بھی 50 پینس کے سکوں پر جگہ دی جائے گی۔ ان کے تخلیق کردہ پیٹر رَیبِٹ کے کردار کا نقش اسی مالیت کے سکوں پر چھاپا جائے گا۔

برطانوی سکوں کے اجراء کے ذمے دار ادارے کے ایک بیان کے مطابق تاریخی واقعات اور افراد کو ملکی کرنسی کے سکوں پر جگہ دینے کا مقصد برطانوی تاریخ کو عظیم موڑ دینے والوں کو یاد کرنا ہے، اس احساس کے ساتھ کہ ’ہم اپنے ماضی کی قدر کرتے ہیں‘۔

 

Share this article

Leave a comment