Thursday, 28 November 2024


بلوچستان میں دو سکیورٹی اہلکار ہلاک

ایمز ٹی وی( نیوز ڈیسک)

پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے علاقے بولان میں فرنٹیئر کور نے ایک سرچ آپریشن میں متعدد شدت پسندوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

دوسری جانب کوئٹہ شہر اور پشین میں مسلح افراد کے حملوں میں پولیس اور لیویز فورس کے دو اہلکار ہلاک ہو گئے۔

فرنٹیئر کور بلوچستان کے ایک بیان کے مطابق جمعے کو کالعدم یونائیٹڈ بلوچ آرمی سمیت دو کالعدم عسکریت پسند تنظیموں کے کیمپوں کے خلاف سنی، شوران اور امپادہ کے علاقوں میں ہیلی کاپٹرز کی مدد سے آپریشن کیا گیا۔

انھوں نےکہا کہ ان کمیپوں میں موجود لوگ ریل گاڑیوں پر حملوں، گیس پائپ لائنوں کواُڑانے کے علاوہ جرائم کے دیگر واقعات میں ملوث تھے جبکہ وہ نیشنل ہائی وے پر پبلک ٹرانسپورٹ کو نشانہ بنانے کی بھی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔

کالعدم یونائیٹڈ بلوچ آرمی کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ ایف سی کے آپریشن میں عام شہریوں کو ہدف بنایا گیا تاہم اس الزام کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی۔

پشین میں لیویز فورس کے اہلکار نے بتایا کہ اس علاقے میں فورس کی ایک چیک پوسٹ قائم تھی جس پر مسلح افراد کے حملے میں فورس کا ایک اہلکار ہلاک اور ایک زخمی ہو گیا۔

اہلکار کے مطابق گرفتار کیے جانے والے شخص کے قبضے سے ایک پسٹل، ایک واکی ٹاکی سیٹ اور ایک موٹر سائیکل برآمد ہوا ہے۔

Share this article

Leave a comment