Friday, 29 November 2024
×

Warning

JUser: :_load: Unable to load user with ID: 45


ملک بھر میں مظاہرے، اہم شاہراہیں بند

ایمز ٹی وی (لاہور) ممتاز قادری کی پھانسی کے بعد ملک کے مختلف حصوں میں مظاہرے شروع ہو گئے ۔ راولپنڈی میں مظاہرین میٹرو ٹریک پر پہنچ گئے ، بس سروس معطل کر دی گئی ، مظاہرین نے کراچی میں شاہراہ فیصل سٹار گیٹ اور لاہور میں شاہدرہ چوک پر بھی مظاہرے کئے ۔ ممتاز قادری کی پھانسی کی خبر عام ہونے کے بعد ملک کے مختلف علاقوں میں احتجاج شروع ہو گئے ۔ راولپنڈی میں مظاہرین نے شہر کو اسلام آباد سے ملانے والی بڑی شاہرہ ایکسپریس وے اور فیض آباد پل کو بند کر دیا اور گاڑیوں پر پتھراؤ کیا ۔ مظاہرین میٹرو ٹریک پر پہنچ گئے جس کے باعث بس سروس معطل کر دی گئی ۔ مشتعل مظاہرین نے فیض آباد چوک پر توڑ پھوڑ بھی کی ۔ کراچی میں غریب آباد کے قریب علاقہ مکینوں نے ممتاز قادری کی پھانسی کے خلاف احتجاج کیا اور حسن سکوائر سے لیاقت آباد جانے والی سڑک بند کردی جس کے باعث سٹیڈیم روڈ پر شدید ٹریفک جام ہو گیا ۔ لاہور میں بھی احتجاج کے باعث میٹرو بس سروس معطل ہے ، شہر میں دفعہ 144 نافذ کر کے جلسے اور جلوسوں کے انعقاد پر پابندی لگا دی گئی ہے ۔ شاہدرہ چوک میں بھی ممتاز قادری کو پھانسی دیئے جانے کے خلاف احتجاج کیا ۔ راوی پل پر پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے ۔ راوی پل ٹریفک کیلئے بند کرنے کے بعد ٹریفک کو سگیاں پل اور دوسری سڑکوں کی طرف موڑ دیا گیا ۔ حیدر آباد میں ممتاز قادری کی پھانسی کیخلاف سنی تحریک کے کارکنوں نے احتجاج کیا ، کارکنوں نے مختلف علاقوں میں سکول اور دکانیں بند کرا دیں ۔ ممتاز قادری کی پھانسی کے بعد ایسے متعدد افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے جو مبینہ طور پر ملک میں "ممتاز قادری بچاؤ مہم " چلا رہے تھے ۔ راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے سابق گورنر پنجاب سلمان تاثیر کے قتل میں ملوث ممتاز قادری کو جرم ثابت ہونے پر 2011 میں دو مرتبہ موت کی سزا سنائی تھی ۔ 

Share this article

Leave a comment