Friday, 29 November 2024


سر سید یونیورسٹی میں تقسیم اسناد!

ایمزٹی وی (تعلیم) سرسید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کا انیسواں سالانہ جلسہ تقسیم اسناد ایکسپو سینٹر میں منعقد ہوا۔ جس میں 1529طلبا میں ڈگریاں تفویض کی گئیں جبکہ امتیازی نمبر حاصل کرنے والوں کو طلائی ، چاندی اور کانسے کے تمغے دیئے گئے ۔ تقریب کے مہمان خصوصی ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے چیئر مین پروفیسر ڈاکٹر مختار احمد تھے ۔ اس موقع پر سرسید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے چانسلر جاوید انوار، وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سید جاوید حسن رضوی ، رجسٹرار سید سرفراز علی ویگر بھی موجود تھے۔ پروفیسر مختار احمد نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اب آپ عملی زندگی میں داخل ہورہے ہیں، جہاں آپ کو بہت سی توقعات اور امیدوں پر پورا اترنا ہے وہاں آپ کو بے شمار مسائل و مشکلات کا بھی سامنا کرنا پڑے گا۔ اس حقیقت کو کبھی فراموش نہ ہونے دیں کہ ہماری آبادی کا ایک بڑا حصہ تعلیم جیسی نعمت سے محروم ہے، اس لیے خواندگی کی شرح میں اضافے کے لیے تمام وسائل کو بروئے کار لائیں اور عوام کی اقتصادی حالت کی بہتری کے لیے پوری یکسوئی کے ساتھ کام کریں۔ چانسلر جاوید انوار نے کہا کہ اہلِ عِلم، اہلِ عَالم کے لیے آج بھی روشنی پھیلا رہے ہیں۔یاد رکھیں عِلم وہ نُور ہے جو نہ صرف جہالت کی تاریکی کو ختم کرتا ہے بلکہ اُس سے جُڑی ہوئی خرافات کو بھی صفحہ ہستی سے مٹا دیتا ہے۔عِلم کا اُجَالاآپ کی زندگی کے ہرگوشے کو منور کردے گا۔عِلم حاصل کیجئے، عِلم سے ہی تقدیریں بدلتی ہیں۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سید جاوید حسن رضوی نے سرسید یونیورسٹی کی کارکردگی کی تفصیل بتائی.

Share this article

Leave a comment