ایمزٹی وی (تعلیم) ثانوی تعلیمی بورڈ کے چیئرمین پروفیسر انوار احمد زئی نے گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نویں اور دسویں کلاس کے سالانہ امتحانات 382مراکز میں آج سے شروع ہو رہے ہیں جس کیلئے 112 ویجیلینس ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔اس حوالے سے انہوں نے بتایا کہ امتحانات میں تین لاکھ 39 ہزار امیدوار شریک ہو رہے ہیں جن میں سے نویں کلاس کے طلبہ اور طالبات کی تعداد ایک لاکھ 70 ہزار ہے جبکہ ایک لاکھ 71ہزار طلبہ و طالبات دسویں کلاس کے امتحانات میں شامل ہوں گے۔
انہوں نے بتایا کہ اس سال طلبہ کی تعداد گزشتہ سال کے امیدواروں کی تعداد کے مقابلے میں زیادہ ہے تاہم پچھلے برس امتحانی مراکز کی تعداد 463 تھی جبکہ اس سال اسٹیئرنگ کمیٹی کے فیصلے کی روشنی میں مراکز کی تعداد کم کر کے 382 کر دی گئی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ان امتحانات کیلئے تمام ایڈمٹ کارڈز جاری کر دیئے گئے ہیں جبکہ بورڈ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ تمام انرولمنٹ کارڈز کمپیوٹرائز انداز میں تیار کئے گئے ہیں تاکہ اصل امیدوار کی جگہ کوئی اور امتحان میں شریک نہ ہو سکے
اس موقع پر پروفیسر انوار احمد زئی نے وزیر اعلیٰ کے سیکرٹری برائے بورڈ اور یونیورسٹیز اقبال درانی اور کمشنر کراچی آصف حیدر شاہ کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا جن کی توجہ اور نگرانی کے باعث فیصلہ کیا گیا ہے جس کے مطابق ڈویژن اور ڈسٹرکٹ کی سطح کی 40 ٹیمیں بھی ان مراکز کا اچانک معائنہ کریں گی جن میں خود کمشنر کراچی، تمام چھ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز، ڈی آئی جیز، ایس ڈی ایم اور اسسٹنٹ کمشنرز بھی ہوں گے اور جو نقل کی روک تھام کیلئے بورڈ کی ٹیموں کے ساتھ اقدامات کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ سینئر اساتذہ پر مشتمل 58معائنہ ٹیمیں بھی امتحانی مراکز کا دورہ کریں گی۔
انہوں نے بتایا کہ بورڈ کی درخواست پر ضلعی انتظامیہ نے تمام امتحانی مراکز پر دفعہ 144 نافذ کر دی ہے جس کے تحت ان مراکز پر بیرونی مداخلت پر پابندی ہو گی اور ان کے اطراف میں کام کرنے والی فوٹو اسٹیٹ کی مشینیں دوران امتحان بند رہیں گی۔
پروفیسر انوار احمد زئی نے کہا کہ امتحانی مراکز میں امتحانی پرچوں کی ترسیل کا ایک موثر نظام تشکیل دیا گیا ہے اور یہ پرچے مسلح گارڈز کی موجودگی میں سینٹر کورڈی نیٹنگ افسران متعلقہ جگہ پہنچائیں گے جبکہ یہ تمام افسران پرچے کے دوران سینٹر میں موجود رہیں گے اور اپنی نگرانی میں طلبہ کی جانب سے کئے گئے جوابی پرچے سرمہر انداز میں بورڈ میں پہنچائیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ شام کے امتحانی مراکز کی تعداد 88 ہے جو 382کی تعداد میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے الیکٹرک سے کہا گیا ہے کہ وہ دوران امتحان لوڈشیڈنگ کا سلسلہ منقطع رکھیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت ضلعی انتظامیہ اور بورڈ کے ذریعے نقل پر قابو پانے کیلئے اجتماعی کاوش کر رہی ہے اسی لئے امتحانی پرچوں کی تشکیل بھی نئے طرز کے مطابق کی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر شفاف امتحانات کے انعقاد کیلئے تمام اداروں سے تعاون حاصل کیا جا رہا ہے۔