Friday, 29 November 2024


کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نے "کرسی چھوڑنے" سے انکار کر دیا

ایمزٹی وی ( لاہور) چیئرمین کرکٹ بورڈ نے ’’کرسی چھوڑنے‘‘ سے انکار کر دیا، شہریار خان کا کہنا ہے کہ مستعفی ہونے کاکوئی ارادہ نہیں، ہیڈ کوچ وقاریونس کی رپورٹ فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کو بھجوادی ہے، کمیٹی کی سفارشات پر ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق ایشیا کپ کے بعد ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں بھی شرمناک شکستوں کی ذمہ داری قبول کرنے کوکوئی بھی تیار نظر نہیں آتا، کوچ اور کپتان نے بھارت میں عہدے چھوڑنے کے اشارے دیے تھے، بعد میں یوٹرن لیتے ہوئے بیانات دیے کہ اس حوالے سے وہ فیصلہ اپنے عوام کے سامنے کریں گے۔ اب شہریارخان نے بھی واضح کر دیا کہ وہ چیئرمین کا عہدہ چھوڑنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتے۔گذشتہ روز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں میڈیا سے بات چیت میںکرکٹ بورڈ کی چیئرمین شپ چھوڑنے سے انکار کر دیا،انھوں نے کہا کہ کوچ وقاریونس کی رپورٹ فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کو بھجوا دی ہے، کمیٹی کی سفارشات پر ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کی جائے گی، ہ ذرائع کے مطابق کوچ نے سلیکشن کمیٹی، کپتان اور کھلاڑیوں کو شکست کا ذمہ دارٹھہرایا ہے، البتہ چیئرمین نے اس حوالے سے اظہار خیال نہیں کیا۔ انھوں نے کہا کہ تحقیقاتی کمیٹی اپنا کام کر رہی ہے،ایشیا کپ کے ساتھ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں بھی ٹیم کی ناقص کارکردگی کا جائزہ لیا جا رہا ہے، جب تک کمیٹی کی رپورٹ نہیں مل جاتی کوئی ایکشن لینا مناسب نہیں ہوگا۔ واضح رہے کہ شہریارخان اور نجم سیٹھی کے دور میں ہی قومی کرکٹ ٹیم ورلڈ کپ2015میں پہلے راؤنڈ تک محدود رہی تھی، بنگلہ دیش میں اسے پہلی بار کلین سوئپ کی ہزیمت برداشت کرنا پڑی، انگلینڈ نے سیریز میں ہرایا،ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میں رینکنگ پوزیشن نمبر 8 ہو چکی مگر کوئی بھی اس زوال کی ذمہ داری قبول کرنے کو تیار نہیں ہے۔

Share this article

Leave a comment