Friday, 29 November 2024


اسٹیل ملز ملازمین کے لیے خوشخبری

ایمز ٹی وی (تجارت) وفاقی وزارت صنعت و پیداوار نے پاکستان اسٹیل کے ملازمین کو جون تک کی تنخواہوں کی ادائیگی کی سمری نجکاری کمیشن (پی سی)کو ارسال کردی ہے۔ پاکستان اسٹیل کے ذرائع کے مطابق ملازمین کو جون تک کی تنخواہوں کی ادائیگی 2 مراحل میں کی جائیگی، پہلے مرحلے میں دسمبر سے مارچ تک کی تنخواہیں ادا کی جائیں گی جس کے بعد اپریل سے ماہانہ بنیادوں پر تنخواہیں ادا کی جائیں گی۔ ذرائع کے مطابق پاکستان اسٹیل کی صورتحال بہتر بنانے اور گریجویٹی اور پراویڈنٹ فنڈ کے لیے اضافی رقوم مختص کرنے کے لیے بھی نج کاری کمیشن کے ذریعے وزارت خزانہ سے رجوع کیا جائے گا۔ پاکستان اسٹیل کے سی ای او کا اضافی چارج سنبھالنے والے وفاقی سیکریٹری صنعت وپیداوار خضرحیات گوندل کے زیر صدارت اسلام آباد میں منعقدہ ایک اجلاس میں پاکستان اسٹیل کی صورتحال پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں پاکستان اسٹیل کے سینئر ڈائریکٹر واصف محمود اور وزارت صنعت و پیداوار کے متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ملازمین کو تنخواہوں کی مد میں واجبات کی ادائیگی رمضان سے قبل کردی جائیگی۔ ذرائع کے مطابق ای سی سی کے آئندہ اجلاس میں پاکستان اسٹیل کی تیارمصنوعات کی فروخت پرنجکاری کمیشن کی جانب سے عائد کردہ غیراعلانیہ پابندی کے خاتمے کی تجویزدی جائے گی ساتھ ہی ملازمین کے پراویڈنٹ فنڈاورگریجویٹی کی ادائیگی کے لیے5ارب روپے کافنڈمختص کرنے کی تجویزدی جائے گی جس سے ریٹائراورفوت شدہ ملازمین کوترجیح بنیادوں پرادائیگی عمل میں لائی جائے گی۔ سینیٹ کی اسٹینڈنگ کمیٹی برائے صنعت وپیداوار کے منگل کوہونے والے اجلاس میں بھی پاکستان اسٹیل کے ملازمین کوتنخواہوں کی ادائیگی ، گریجویٹی، پراویڈنٹ، اراضی کی مارکیٹ پرائس مقرراور ملازمین کی تعداد کے حوالے سے صورتحال پرغورکیاجائے گا۔

Share this article

Leave a comment