Friday, 29 November 2024


مدثر نذراور عاقب جاوید،کے دل میں اچانک ملکی محبت ”جاگنے“ لگی

ایمزٹی وی(کھیل) سابق پاکستانی کرکٹرز کے دل میں اچانک ملکی محبت ”جاگنے“ لگی، مدثر نذر لاہور قلندرز کے آئیکون، عاقب جاوید ڈائریکٹر کرکٹ آپریشنز بن گئے، دونوں کو بھاری معاوضہ ملے گا۔ تفصیلات کے مطابق کئی برس سے یو اے ای میں خدمات انجام دینے والے مدثر نذر اور عاقب جاوید کو بھی اب ملک کی یاد آ گئی، مدثر لاہور قلندرز کے آئیکون جب کہ عاقب جاوید ڈائریکٹر کرکٹ آپریشنز بن گئے۔ اس موقع پر سابق ٹیسٹ اوپنر نے میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ پی سی بی میں خدمات سر انجام دینے کیلیے حکام سے بات چیت جاری لیکن ابھی تک کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا، بورڈ اخبار میں اشتہار دے گا جس پر غور کروں گا۔ انھوں نے کہاکہ جب تک نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ڈیولپمنٹ کا کام وسیع پیمانے پر شروع نہیں کیا جاتا مجھے وابستہ ہونے میں کوئی دلچسپی نہیں ہوگی، فی الحال آئی سی سی میں خدمات سرانجام دے کر بہت خوش ہوں، اگر کرکٹ کی ڈیولپمنٹ شروع نہ ہوئی تو نتائج مزید خراب آئیں گے۔ مدثر نذر نے کہاکہ بھارت نے آئی پی ایل سے اپنی کرکٹ کو بہتر بنالیا، پاکستان سپر لیگ کا انعقاد بھی ایک مثبت قدم ہے۔عاقب جاوید نے کہا ہے کہ 16سال سے پروفیشنل کوچ ہوں، پاکستان کی جونیئر ٹیموں کے ساتھ بھی وابستہ رہا، یو اے ای کی ٹیم کے ہمراہ اہداف حاصل کیے، اب ایمرجنگ کھلاڑیوں کی صلاحیتوں میں نکھار لاو¿ں گا، اس سے پاکستانی ٹیم کو بھی فائدہ ہوگا۔ عاقب جاوید نے کہا کہ ہر کوچ کی خواہش ہوتی ہے کہ ملک کے لیے خدمات سرانجام دے، اگر پی سی بی کے ساتھ کام کرنے کی پیشکش ہوئی تو اس پر سنجیدگی سے غور کروں گا، انڈر 19 ٹیم کے ساتھ بھی وابستہ ہونے میں کوئی حرج نہیں۔ سابق پیسر نے کہاکہ ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی سب سے اہم مسئلہ ہے لیکن اس کیلیے پی سی بی کو ڈومیسٹک سطح پر پی ایس ایل کرانا چاہیے،اگر 15سے 20کھلاڑی بھی پاکستان آگئے تو دنیا کی دیگر ٹیمیں بھی یہاں آ سکتی ہیں۔

Share this article

Leave a comment