Friday, 29 November 2024


انٹرامتحانات، ویجی لینس ٹیم کا مراکز کا دورہ، غیرتدریسی عملے کیخلاف کارروائی

ایمز ٹی وی (ایجوکیشن) اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کی اعلیٰ اختیاراتی ویجیلنس ٹیم نے پیر کو بھی مختلف امتحانی مراکز کا اچانک دورہ کیا۔ انٹربورڈ کے چیئرمین محمد اختر غوری کی سربراہی میں امتحانی مراکز کا دورہ کرنے والی اعلیٰ اختیاراتی ٹیم میں ڈائریکٹر جنرل کالجز ڈاکٹر ناصر انصار، ڈائریکٹر جنرل پرائیویٹ انسٹیٹیوشنزمنسوب حسین صدیقی، محمد عمران خان چشتی، قائم مقام ناظم امتحانات ذرینہ راشد، قائم مقام سیکریٹری محمد عظیم احمداور میڈیا کے نمائندے بھی شامل تھے۔

003

ٹیم نے جن امتحانی مراکز کا دورہ کیا ان میں گورنمنٹ بوائز سائنس، کامرس اینڈ آرٹس کالج مراد میمن گوٹھ، گورنمنٹ ہائر سیکنڈری اسکول حاجی ناتھو ملیر ، گورنمنٹ سٹی کالج اور گورنمنٹ بوائز کمپری ہنسو ہائر سیکنڈری اسکول عزیز آباد شامل تھے۔اعلیٰ اختیاراتی ٹیم کے دورے کے دوران گورنمنٹ کالج مراد میمن گوٹھ میں سینئر سپرنٹنڈنٹ کو غیر حاضر پایا گیا جس پر چیئرمین انٹربورڈ محمد اختر غوری نے فوری طور پر انہیں معطل کرتے ہوئے پروفیسر انصاری کو سینئر سپرنٹنڈنٹ مقرر کیا اور انہیں ہدایت کی کہ وہ فیکٹوڈم بھی کسی سینئر استاد کو لگائیں۔ گورنمنٹ بوائز کمپری ہنسو سیکنڈری اسکول اور گورنمنٹ کالج مراد میمن گوٹھ میں دوران معائنہ امتحانی عملے میں ایسے چند افراد کو دیکھا گیا جو تدریسی کیڈر سے تعلق نہیں رکھتے تھے ، جنہیں چیئرمین بورڈ محمد اختر غوری کی ہدایت پر اسی وقت کام سے فارغ کر کے وہاں تدریسی عملے کوتعینات کرنے کے احکامات جاری کیے گئے۔

004

دریں اثناء گورنمنٹ ہائر سیکنڈری اسکول حاجی ناتھو ملیر میں ایک ایسے طالبعلم کو امتحان دیتے ہوئے پکڑا گیا جس کا امتحانی مرکز اس کالج میں نہیں تھا، چیئرمین بورڈ محمد اختر غوری نے موقع پر ہی اس طالبعلم کے خلاف کارروائی کا حکم دیا جس کے بعد اسے ایک سال سے تین سال تک امتحان دینے سے روکا جاسکتا ہے، اسی امتحانی مرکز پر ہاتھ میں فریکچر کی وجہ سے رائٹر کی مدد سے امتحان دینے والے طالبعلم کے رائٹر کو بھی زیادہ عمر ہونے کی وجہ سے تبدیل کیا گیا۔

001

اعلیٰ اختیاراتی ٹیم کی جانب سے امتحانی مراکز کے معائنے کے دوران کوئی امیدوار نقل کرتا ہوا نہیں پکڑا گیا البتہ طلباء خصوصاً طالبات کے پاس سے بڑی تعداد میں نقل کا مواد برآمد ہوا جو بہت حیرت انگیز امر تھا۔ اعلیٰ اختیاراتی ٹیم کو ان حساس مراکز کے دورے کے دوران کوئی پولیس اہلکار ڈیوٹی دیتا نظر نہیں آیا جس کی شکایت سینئر سپرنٹنڈنٹس نے بھی کی، سینئر سپرنٹنڈنٹس کا کہنا تھا کہ پولیس اہلکاروں کی غیرموجودگی کے باعث سیکورٹی مسائل پیدا ہورہے ہیں جس کی وجہ سے نقل روکنا مشکل ہوجاتا ہے۔

 

Share this article

Leave a comment