Friday, 29 November 2024


کراچی والوں! سپریم کورٹ کا حکم نامہ آگیا

ایمزٹی وی (اسلام آباد)سپریم کورٹ نے شہر قائد کی تمام قومی شاہراؤں، فلائی اوورز اور گرین بیلٹ پر لگے سائن بورڈ کو 15 روز میں ہٹانے کا حکم دے دیا۔ ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں جسٹس امیر ہانی مسلم کی سربراہی میں عدالت عظمیٰ کے 2 رکنی بینچ نے کراچی میں لگے غیرقانونی بل بورڈز اورسائن بورڈز کے خلاف کیس کی سماعت کی۔ دوران سماعت عدالت نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ کراچی میں ہیوی بل بورڈز لگائے گئے ہیں اگر یہ کسی پر گر گئے تو بہت بڑا جانی نقصان ہوسکتا ہے،سائن بورڈ نہ ہٹائے گئے تو ذمے داروں کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے گی جب کہ سائن بورڈ کے معاملے پر بلدیہ عظمی کراچی کے جواب سے مطمئن نہیں ہیں۔ عدالت نے شہر کی تمام قومی شاہراؤں، فلائی اوورز، گرین بیلٹ پرلگے غیرقانونی سائن بورڈ کو 15 روز میں ہٹانے کا حکم دیتے ہوئے قرار دیا کہ کئی ایسے علاقے ہیں جہاں بل بورڈ اور سائن بورڈ لگانے کی ضرورت بھی نہیں تھی وہاں بل بورڈ لگادیئے گئے، گرین بیلٹ، فٹ پاتھوں اور شاہراؤں پرلگے 90 فیصد بل بورڈزغیرقانونی ہیں جنہیں 15 روز کے اندر ہٹایا جائے۔ واضح رہے کہ 11 مارچ کو عدالت نے تمام اسٹیک ہولڈرز کو 15 روز میں تمام بل بورڈز ہٹانے کا حکم دیتے ہوئے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی تھی جس کے باوجود شہر قائد سے غیرقانونی سائن بورڈز نہیں ہٹائے گئے۔

Share this article

Leave a comment