Friday, 29 November 2024


احمد شہزادکی واپسی کے لیے فرمائشی خط آگیا

ایمز ٹی وی (کھیل) ڈسپلنری وجوہات کی بنا پر بوٹ کیمپ سے باہر ہونے والے اوپنر احمد شہزادکی واپسی کیلیے بساط بچھا دی گئی، ذرائع کے مطابق پہلے مرحلے میں ان سے مستقبل میں بہتر رویے کی یقین دہانی کا ’فرمائشی‘ خط لکھوا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق نئے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے سابق کوچ وقار یونس اور ٹیم منیجر انتخاب عالم کی رپورٹ کو مدنظر رکھتے ہوئے اوپننگ بیٹسمین احمد شہزاد کو بوٹ کیمپ کیلیے مجوزہ کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل نہیں کیا تھا، ان کے اس فیصلے کے پیچھے پاکستان کرکٹ بورڈ کی منشا شامل تھی مگر اب حکام خود ہی اپنے فیصلے کو تبدیل کرنے کیلیے پرتول رہے ہیں، جذبات میں آکر احمد شہزاد کو باہر تو کردیا گیا مگر موزوں متبادل اوپنر نہ ہونے کی وجہ سے اب اس غلطی کی تلافی کی جا رہی ہے۔ اس کیلیے احمد شہزاد سے کہا گیا ہے کہ وہ خود آگے بڑھ کر اپنی غلطیوں پر معذرت کریں اور مستقبل میں بہتر رویے کی یقین دہانی کرائیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ احمد شہزاد نے ایک خط تحریر کیا جس میں پی سی بی کو یقین دلایا ہے کہ وہ مستقبل میں اپنے رویے میں بہتری لانے کی پوری کوشش کریں گے،کسی کو شکایت کا موقع نہیں دیا جائے گا، اس کے ساتھ یہ درخواست بھی کی گئی کہ انھیں ایبٹ آباد میں رواں ہفتے شروع ہونے والے کیمپ میں بھی شامل کرلیا جائے، دلچسپ بات ہے کہ اس خط کے حوالے سے خود ہی میڈیا کو آگاہی دی گئی تاکہ احمد کی واپسی کا جواز بنایا جا سکے، ذرائع کے مطابق اس بات کے امکانات روشن ہے کہ یونس خان کی طرح احمد شہزاد کی بھی ’معافی‘ قبول کرکے انھیں قومی کیمپ میں بلایا جائے گا جو14 مئی سے شروع ہونے والا ہے، اگر ایسا نہ ہوا تو دورئہ انگلینڈ کیلیے اسکواڈ میں واپسی ہو جائے گی۔

Share this article

Leave a comment