ایمز ٹی وی(ٹیکنالوجی)خوبصورت لمحوں کو یادگار بنانے کے لیے ہم ان کی تصویریں بنا لیتے ہیں۔ گروپ تصویر بنانے میں بس ایک مسئلہ درپیش ہوتا ہے کہ فوٹوگرافر خود تصویر میں نظر نہیں آ سکتا۔ اس مسئلے کو اسمارٹ فون نے سیلفی کی صورت میں ختم کیا۔ اور اب سب ہی پر سیلفیز بنانے کا ایک جنون سوار ہے۔ سیلفی کو مزید خوبصورت بنانے کے لیے سیلفی اسٹکس بھی سامنے آگئیں اور اب مزید جدید ترین سیلفی اسٹکس سامنے آنے والی ہیں۔
امریکی کمپنی نے ایک جدید ترین سیلفی اسٹک ان ریئل متعارف کرائی ہے۔ اپنے نام کی طرح واقعی یہ غیر حقیقی خصوصیات رکھنے والی سیلفی اسٹک ہے۔ اس اسٹک میں کئی خودکار نظام موجود ہیں۔ مثلاً اس کی لمبائی کو خود کار بٹنز سے کم یا زیادہ کیا جا سکتا ہے جس سے اس کا استعمال انتہائی آسان ہو جاتا ہے۔ اس میں 2 ننھے سے پنکھے بھی موجود ہیں جو چہرے پر ہوا ڈالتے ہوئے بالوں کو پیچھے کی جانب ا±ڑا دیتے ہیں۔
اس جدید سیلفی اسٹک کا یہ فنکشن یقیناً خواتین کو بہت پسند آئے گا۔ اس کے علاوہ اس میں روشنی کا بندوبست بھی موجود ہے۔ اس میں اسمارٹ فون نصب کریں تو اسٹک پر لگی 2 لائٹس فون کے دائیں بائیں آکر اندھیرے میں بھی اچھی تصویریں بنانے میں مدد دیتی ہیں۔ اپنے ان جدید ترین فیچرز کی وجہ سے ہر کوئی یہ سیلفی اسٹک حاصل کرنا چاہے گا لیکن فی الحال یہ سیلفی اسٹک صرف تشہیری مقاصد کے لیے بنائی گئی ہے البتہ امید ہے مستقبل میں ایسی سیلفی اسٹکس ضرور دستیاب ہوں گی۔