Friday, 29 November 2024


عامر خان تھر کے پیاسوں کے لیے میچ کھیلیں گے

ایمزٹی وی (کھیل)  باکسر عامر خان کراچی میں نمائشی میچز کھیلیں گے جس سے حاصل ہونے والی آمدنی تھر میں پانی کے منصوبوں پر خرچ کی جائے گی۔ تھر کا صحرا پانی سے محروم علاقہ ہے جہاں کے رہائشیوں کو شدید قحط کا سامنا ہے۔ پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان کی فلاحی تنظیم تھر میں پانی کے کنویں کھودنے کے لیے فنڈ جمع کرے گی اور اس مقصد کے لیے عامر خان نمائشی میچز کھیلیں گے۔ عامر خان کا یہ مقابلہ 2 جون کو کراچی کے ایک مقامی ہوٹل میں منعقد ہوگا۔ تھر کے باسیوں نے عامر خان کے اس اقدام پر بے پناہ خوشی کا اظہار کیا ہے اور ان کا شکریہ ادا کیا ہے۔ تھر کے رہائشی ماما وشان نے عامر خان کو تھر کے دورے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ عامر خان تھر کا دورہ ضرور کریں۔ تھر کے مہمان نواز لوگ ان کا بے صبری سے انتظار کریں گے۔ تھر میں کام کرنے والی ایک تنظیم کے کارکن اور ماہر ماحولیات ڈاکٹر سونو کھنگرانی کا کہنا ہے کہ تھر کا اصل مسئلہ پانی کی کمیابی ہے جس کی وجہ سے ہر سال یہاں سینکڑوں افراد کی موت ہوجاتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تھر میں بارشوں کا سلسلہ ناقابل بھروسہ ہے۔ عموماً یہاں جولائی سے ستمبر تک کم مقدار میں بارشیں ہوتی ہیں جس سے بھرنے والے کنوؤں سے تھر کے باسیوں کا کسی طرح گذارا ہوجاتا ہے۔ یہاں پانی حاصل کرنے کا سب سے بڑا ذریعہ یہی کنویں ہیں۔

Share this article

Leave a comment