Friday, 29 November 2024


سخت گرمی میں خود کو ٹھنڈا رکھنے کے منفرد طریقے

ایمز ٹی وی(صحت)گرمی کے موسم میں پیاس، پسینہ اور گھبراہٹ کے تاثرات عام طور پر پائے جاتے ہیں، پسینہ گوکہ انسانی بدن کے لئے صحت مندی کی علامت ہے کیوں کہ یہ انسانی جسم سے مضراور فاضل مادوں کو خارج کرنے کا ایک اہم ذریعہ ہے لیکن بعض اوقات بداحتیاطی سے مفید اجزاء بھی بدن انسانی سے خارج ہو جاتے ہیں، جو پھر جسمانی کمزوری کا باعث بنتے ہیں۔ ایسے میں جسمانی توانائی کو برقراررکھنا نہایت ضروری ہے اور اس مقصد کے حصول کے لئے سب سے پہلے غذا پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ ایسے پھلوں کا استعمال زیادہ سے زیادہ کریں، جن میں پانی کی مقدارزیادہ اور ان کی تاثیر ٹھنڈی ہو، یہاں آپ کو ایسی غذاؤں کے متعلق آگاہ کیا جارہا ہے جن کے استعمال سے گرمی کو مات دی جا سکتی ہے۔ تربوز:عرصہ دراز سے بچوں اور بڑوں کے پسندیدہ پھل تربوز سے زیادہ کوئی چیز انسانی جسم کو گرمی کی حدت کے مضر اثرات سے بچاؤ میں فوقیت نہیں رکھتی۔ تربوز میں 90 فیصد پانی ہوتا ہے اور یہ انسانی جسم کو پانی کی کمی کا شکار نہیں ہونے دیتا۔ تربوز میں وٹامن اے اور سی شامل ہونے کی وجہ سے یہ کینسر اور دل کی بیماریوں کے بچاؤ میں بھی نہایت مفید ہے۔

خربوزہ: پانی کی بھرپور مقدار رکھنے والا خربوزہ انسانی جسم کو ڈی ہائیڈریشن سے بچاتا ہے۔ خربوزے میں کیلوریز اورپوٹاشیم کم مقدار ہونے کی وجہ سے یہ وزن میں کمی کا بھی باعث بنتا ہے۔

ترش پھل: مالٹا، انگور اور لیموں جیسے ترش پھل ٹھنڈی تاثیر رکھتے ہیں۔ مزیدار ہونے کے ساتھ یہ پھل آپ کو صحت مند اور جوان بنائے رکھنے میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ ترش پھل نظام انہضام کو بہتر بنا کر عمومی صحت کو برقرار رکھتے ہیں۔

پھلوں کے علاوہ ٹھنڈی تاثیررکھنے والی سبزیاں بھی موسم گرما میں انسانی جسم کے لئے نہایت مفید ہیں۔ ہمارے ہاں بہت ساری ایسی سبزیاں (کھیرا، گاجر، سلاد اور پودینہ وغیرہ) پائی جاتی ہیں، جن میں پانی کی ایک خاص مقدار جسمانی درجہ حرارت کو بڑھنے نہیں دیتی۔

Share this article

Leave a comment