Friday, 29 November 2024


اب بائیو میٹرک لاک کی مدد سے اپنے کمپیوٹر کی حفاظت یقینی بنائیں

ایمز ٹی وی(ٹیکنالوجی)پاس ورڈ کے ذریعے کمپیوٹر کو لاک کرنا تو ایک عام سی بات ہے اور پاس ورڈ کے چوری ہو جانے کی صورت میں اس کی افادیت ختم ہو جاتی ہے۔ اس مسئلے کا مستقل حل بائیو میٹرک لاگ ان کی صورت میں موجود ہے جس میں کمپیوٹر پاس ورڈ کی بجائے فنگر پرنٹس کے ذریعے لاک کیا جاتا ہے اس طرح کسی کمپیوٹر کو صرف اس کا مالک ہی کھول سکتا ہے۔

بائیو میٹرک لاگ ان کی سہولت آج کل کے جدید لیپ ٹاپ میں عام دستیاب ہے لیکن لیپ ٹاپ استعمال کرنے والے صارفین کی بڑی تعداد اس سہولت سے محروم ہے کیونکہ صرف اس نئے فیچر کو حاصل کرنے کے لیے وہ اپنا پرانا لیپ ٹاپ چھوڑ کر نیا نہیں خرید سکتے۔ اس کے علاوہ ڈیسک ٹاپ صارفین کے لیے تو ایسی کوئی سہولت سرے سے موجود ہی نہیں۔

اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے کمپیوٹر مصنوعات بنانے والی مشہور کمپنی سائی نیپٹکس ایک چھوٹی سی پورٹ ایبل بائیو میٹرک اسکینر ڈیوائس تیار کر رہی ہے۔ یہ ڈیوائس یو ایس بی کیبل کے ذریعے کسی بھی کمپیوٹر سے چاہے وہ لیپ ٹاپ ہو یا ڈیسک ٹاپ کے ساتھ منسلک کی جا سکے گی۔ اس بائیو میٹرک فنگر پرنٹس اسکینر کی مدد سے کمپیوٹر کو اپنی انگلی سے اَن لاک کیا جا سکے گا۔ اس اسکینر کو صرف کمپیوٹر کھولنے تک محدود نہیں رکھا جاسکتا کیونکہ مائیکروسافٹ کے اکاؤنٹس بھی فنگر پرنٹس اسکینر کے ذریعے لاگ ان کیے جاسکتے ہیں اور مستقبل میں دیگر اکاؤنٹس جیسے کہ فیس بک اور جی میل وغیرہ بھی اس سہولت کو استعمال کر سکتے ہیں۔ اس طرح صارفین کو اپنے اکاؤنٹس اور ذاتی ڈیٹا کی یقینی حفاظت حاصل ہو جائے گی۔

Share this article

Leave a comment