ایمز ٹی وی(ٹیکنالوجی)ماہرین گزشتہ کئی مہینوں سے اینڈروئیڈ پر موجود فیس بک، انسٹا گرام، ٹوئٹر اور اسنیپ چیٹ ایپلی کیشنز کے استعمال پر نظر رکھے ہوئے تھے جس کا مقصد یہ معلوم کرنا تھا کہ لوگوں کی ان سروسز میں دلچسپی بڑھ رہی ہے یا گھٹ رہی ہے۔ اس تحقیق سے اندازہ ہوا کہ ان چاروں بڑی سروسز میں سے انسٹا گرام سب سے زیادہ غیر مقبولیت کی جانب بڑھ رہی ہے کیونکہ ایک سال کے دوران اس کی مقبولیت میں 23.7 فیصد کی کمی واقع ہوئی ہے۔ غیرمقبولیت کی دوڑ میں دوسرا نمبر ٹوئٹر کا ہے جس سے 23.4 فیصد صارفین منہ موڑ چکے ہیں۔ اسی طرح اسنیپ چیٹ 15.7 فیصد کی غیر مقبولیت کی وجہ سے تیسرے نمبر پر جب کہ فیس بک 8 فیصد کی کمی کے باعث چوتھے نمبر پر ہے۔ گویا فیس بک بھی بظاہر اپنی انتہائی مقبولیت کے باوجود صارفین کی دلچسپی کھو رہی ہے۔ یہ تحقیق ایک معروف اعدادو شمارے اور سروے کرنے والی کمپنی کے تحت کی گئی جس میں مختلف بڑے ممالک کے صارفین کی سوشل میڈیا میں بڑھتی اور گھٹتی دلچسپی کو مدنظر رکھ کر ان اعداد و شمار کو ترتیب دیا گیا۔ ان ممالک میں امریکا، برطانیہ، فرانس، جرمنی، اسپین، آسٹریلیا، انڈیا اور برازیل شامل ہیں۔ اس تحقیق سے یہ بھی معلوم ہوا کہ لوگ فیس بک پر روزانہ اوسطاً 34 منٹس گزارتے ہیں جب کہ فیس بک کی دوسری ایپلی کیشن انسٹا گرام پر روزانہ صرف ہونے والے وقت کا اوسط دورانیہ 17 منٹس ہے۔ یہ رپورٹ ترتیب دینے والے ماہر کے مطابق سوشل میڈیا کی ان بڑی سروسز کی گھٹتی ہوئی مقبولیت کے پیچھے کئی وجوہات ہیں۔ ایک وجہ تو یہ ہے کہ لوگ اب ان کے علاوہ دیگر غیر معروف اور متبادل ایپلی کیشنز کو بھی استعمال کرنا شروع کر چکے ہیں جیسے کہ واٹس ایپ کے مقابلے میں ٹیلی گرام اور وائبر وغیرہ کو استعمال کیا جا رہا ہے جو واٹس ایپ کے مقابلے میں زیادہ فیچرز اور محفوظ رابطوں کے ذرائع فراہم کرتی ہیں۔ اس طرح یہ بھی کہا جا سکتا ہے کہ ایک جیسے کام کرنے والی ایپلی کیشنز کی زیادتی کی وجہ سے دراصل صارفین کم نہیں ہو رہے بلکہ بٹ رہے ہیں۔
فیس بک اورٹوئٹرسمیت دیگرسوشل سائٹس اپنی مقبولیت کھورہی ہیں، تحقیق
- 09/06/2016
- K2_CATEGORY صحت و ٹیکنالوجی
- 1346 K2_VIEWS
Leave a comment