ایمز ٹی وی(بزنس)وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات احسن اقبال نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہدری منصوبے کی تکمیل کیلیے ہم چوتھا توکیا پانچواں گیئر بھی ڈالنا چاہتے ہیں، اس منصوبے کے تحت چین اپنی حدود میں انفرااسٹرکچر مکمل کر رہا ہے، چین کی طرف سے مالی معاملات کی منظوری ملتے ہی گوادر پورٹ پرکام کی رفتار مزید تیز کر دی جائے گی، موجودہ حالات میں پاکستان عدم استحکام کا متحمل نہیں ہو سکتا اس کیلیے سول ملٹری لیڈر شپ، حکومت اور اپوزیشن سب کو یکجہتی سے آگے بڑھنا ہوگا۔
ایک انٹر ویو میں احسن اقبال نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے میں حکومتی اداروں کی سطح پر کوئی رکاوٹ نہیں بلکہ تمام اداروں کی اب تک کی کارکردگی انتہائی متاثر کن ہے۔ اس منصوبے کے تحت چین نے اپنی حدود میں بھی انفرااسٹرکچر مکمل کرنا ہے جس کے بعد یہاں مزید تیزی آئے گی۔
انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ سول ملٹری تعلقات کے حوالے سے ایک تاثر بنا دیا گیا ہے، سب نے دیکھا کہ سول ملٹری لیڈر شپ اکٹھے بیٹھی اور مسائل کو حل کیا گیا۔