Friday, 29 November 2024


یونس خان انگلش بولرز سے نبردآزما ہونے کے لئے تیار

ایمزٹی وی(کھیل) یونس خان نے کہاکہ ہم میزبان بولرز سے اچھی طرح واقف اور نبرد آزما ہونے کی صلاحیت رکھتے ہیں،ترنوالہ ثابت نہیں ہوں گے، پلاننگ کے مطابق کھیلے تو کامیاب ہوسکتے ہیں ۔تفصیلات کے مطابق انگلش بولرز نے کمار سنگاکارا اور مہیلا جے وردنے سے محروم سری لنکن بیٹنگ لائن کو ٹیسٹ سیریز میں مکمل بے بس کیے رکھا، اس کا اندازہ یوں لگایا جا سکتا ہے کہ پیسرز نے سیریز میں 33 وکٹیں لیں اس میں جیمز اینڈرسن کا حصہ21کا رہا۔ طویل عرصے سے پاکستانی بیٹنگ کے محور یونس خان نے ایک انٹرویو میں کہاکہ ہم انگلینڈ کیلیے ترنوالہ ثابت نہیں ہوں گے، جیمز اینڈرسن اور اسٹورٹ براڈ کی صلاحیتوں کے بارے میں کوئی شک نہیں،دونوں موجودہ دور کے بہترین بولرز میں سے ایک ہیں لیکن ہم ان پیسرز کیخلاف مستقل کھیلتے رہے ہیں۔ان سے اچھی طرح واقف اور نبرد آزما ہونے کی صلاحیت رکھتے ہیں،یاد رہے کہ دونوں ٹیمیں آخری بار یواے ای میں گذشتہ سال مقابل ہوئی تھیں، پاکستانی ٹیم نے 3 ٹیسٹ میچز کی سیریز میں 2-0سے کامیابی حاصل کی تھی، اس سے قبل 2012 میں بھی امارات میں گرین کیپس نے اس وقت کی عالمی نمبر ایک انگلش ٹیم کو 3-0سے کلین سویپ کیا تھا۔یونس خان نے کہا کہ انگلینڈ میں کرکٹ کھیلنا ہمیشہ ایک چیلنج ہوتا ہے جس سے لطف اندوز ہوتا ہوں، لارڈز میں کھیل کر خوشی محسوس ہوتی ہے، وہاں کی روایت، ڈریسنگ اور گراؤنڈ کا استعمال سب ایک خاص کشش رکھتے ہیں۔سینئر بیٹسمین نے انگلینڈ کی مختلف کنڈیشنز کے بارے میں سوال پر کہا کہ اگر آپ وہاں جا کر پلاننگ کے مطابق کھیلیں تو کسی بھی بولر کے خلاف کامیاب ہوسکتے ہیں۔ یاد رہے کہ ماضی میں یونس خان نے انگلش کنڈیشنز میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور گذشتہ 5 اننگز کے دوران 52.22 کی اوسط سے ایک سنچری اور تین نصف سنچریاں بنا چکے ہیں۔

Share this article

Leave a comment