Friday, 29 November 2024


چیف الیکشن کمشنر نے خبردار کردیا

ایمزٹی وی(آزادکشمیر)چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر جسٹس غلام مصطفی مغل نے ایک مرتبہ پھر وفاقی اور آزاد کشمیر کے وزرا کو خبر دار کیا کہ وہ انتخابی مہم میں سرکاری وسائل استعمال کرنے سے باز رہیں۔ انتخابی جلسوں میں سرکاری وسائل کا استعمال ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے ۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ اس طرح کے عمل سے انتخابات کی شفافیت پر اثر پڑ سکتا ہے ۔ دوسری جانب چیف سیکرٹری آزاد کشمیر سکندر سلطان راجہ نے چیف الیکشن کمشنر کی جانب سے واضح ہدایات ملنے کے بعد تمام ڈویژنل اور ضلعی ہیڈ کوارٹرز میں موجود تمام ڈپٹی کمشنرز،اسسٹنٹ کمشنرز کو حکم دیا کہ وہ وفاقی وزرا کو سرکاری پر وٹوکول نہ دیں اور نہ ہی آزاد کشمیر کے سابق وزرا کو سرکاری مشینری استعمال کرنے کی اجازت دی جا ئے ۔ الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری کردہ ضابطہ اخلاق کی پابندی کو یقینی بنانے کے لئے چیف سیکرٹری نے آزاد کشمیر کے تمام جملہ ملازمین پر واضح کیا کہ وہ کسی بھی انتخابی سرگرمی کا حصہ نہ بنیں اور اگر اس طرح کی کوئی رپورٹ ملی کہ سرکاری ملازمین سیاسی جماعتوں کے ساتھ ملکر انتخابی سرگرمیوں میں شامل ہیں تو ان کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے گی۔ چیف سیکرٹری سکندر سلطان راجہ نے واضح کہا ہے کہ انتخابی عمل کے دوران علاقے میں امن و امان کو قائم رکھنے کے لئے خصوصی اقدامات کئے گئے ہیں اور سکیورٹی کے حوالے سے کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ۔

Share this article

Leave a comment