Friday, 29 November 2024


بھارت میں آسمانی بجلی گرنے سے بہت بڑا نقصان۔۔۔!

ایمزٹی وی(انٹرنیشنل) بھارت میں آسمانی بجلی کی زد میں آ کر 79 افراد ہلاک ہوگئے، سب سے زیادہ ہلاکتیں ریاست بہار میں ہوئیں جہاں 53 افراد جان کی بازی ہار گئے.تفصیلات کے مطابق بھارت کی تین ریاستوں میں آسمانی بجلی گرنے کے واقعات میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 79 ہوگئی ہے،سب سے زیادہ ہلاکتیں ریاست بہار میں تریپن اس کے علاوہ جھارکھنڈ میں دس افراد جبکہ مدھیہ پردیش میں سولہ افراد جان کی بازی ہار گئے. ریاست بہار میں قدرتی آفات سے نمٹنے کے ادارے کے مطابق آسمانی بجلی گرنے کے واقعات منگل کو نو مختلف اضلاع میں پیش آئے،حکام کے مطابق سب سے زیادہ ہلاکتیں ضلع پٹنہ میں ہوئیں جہاں ایک واقعے میں چھ افراد ہلاک ہوئے. بھارت میں قدرتی آفات سے نمٹنے والے ادارے کےمطابق زیادہ افراد آسمانی بجلی کے نتیجے میں اس وقت ہلاک ہوئے جب وہ موسمی بارشوں کے دوران کھیتوں میں کام کر رہے تھے. بھارت میں ہلاکتوں کا ریکارڈ رکھنے والے قومی ادارے کے مطابق بھارت میں 2005 سے ہر برس ایسے واقعات میں تقریباً دو ہزار افراد ہلاک ہو جاتے ہیں. واضح رہے کہ بعض سائنسدانوں کا خیال ہے کہ عالمی سطح پر درجۂ حرارت بڑھنے سے آسمانی بجلی گرنے کے وقعات میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔

Share this article

Leave a comment