ایمز ٹی وی(صحت)فریج میں رکھنے سے پہلے بچے ہوئے کھانے کو کسی کھلے برتن میں ڈال کر ٹھنڈا کر لیں، کیونکہ فریج میں رکھنے سے بھاپ نکلنے کا عمل رُک جاتا ہے اور اس کا اثر فریج کی کارکردگی پر بھی پڑتا ہے اور یوں فریج بجلی بھی زیادہ صرف کرتا ہے۔ فریج میں بچا ہوا کھانا رکھنے سے پہلے اسے تھوڑی دیر کے لیے ایک جانب رکھ دیں، تا کہ وہ پوری طرح ٹھنڈا ہو جائے۔ بچی ہوئی غذا کو زیادہ دیر باہر نہ رہنے دیں اور اسے جلد از جلد ٹھنڈا کرنے کی کوشش کریں ۔
اصول یہ ہے کہ بچا ہوا کھانا 90 منٹ کے اندر ٹھنڈا کر لیا جائے، تا کہ بیکٹیریا کی بہتات سے محفوظ رہے۔ کھانا محفوظ کرنے کے لیے ہمیشہ صاف ستھرے برتنوں کا انتخاب کریں اور نئے اور مضبوط پلاسٹک بیگ اس مقصد کے لیے استعمال کریں۔ بچے ہوئے مختلف کھانوں کو الگ الگ محفوظ کریں۔ شوربے والے کھانوں کو فریج میں رکھنے سے پہلے اتنی اچھی طرح گرم کریں کہ شوربے میں ابال آ جائے، پھر انہیں ٹھنڈا کریں اور فریج میں رکھ دیں۔
اسی طرح جب ٹھوس کھانوں کو گرم کریں، تو اس بات کا اطمینان کرلیں کہ یہ اندر تک گرم ہو جائیں اور دوبارہ گرم کرنے کے لیے بھی یہی اصول اپنائیں۔ بچے ہوئے کھانے کو نکال کر دوبارہ جلد ہی فریج میں رکھ دیں، لیکن فریزر سے نکالے گئے کھانے کو دوبارہ فریزر میں رکھنے کے بجائے پورا استعمال کر لیں