Friday, 29 November 2024


شہر قائدمیں بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا

ایمز ٹی وی (کراچی) شہر قائد کے مختلف علاقوں میں دوسرے روز بھی تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی جس سے موسم خوشگوار ہوگیا تاہم شہر میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔
کراچی میں دوسرے روز بھی شدید حبس اور گرمی کے بعد بارش کا سلسلہ دوبارہ شروع ہوا تو شہر میں ایک بار پھرجل تھل ہوگیا تاہم شہری انتظامیہ اور کے الیکٹرک کی کارکردگی کا پول پھر کھُل گیا، شہر کے مختلف علاقوں نیو کراچی، نارتھ کراچی ، گلشن اقبال، گلستان جوہر، کورنگی، ڈیفنس، اولڈ سٹی ایریا، آئی آئی چندریگر روڈ، سائیٹ، ماڑی پور، بلدیہ ٹاؤن اور اورنگی سمیت مختلف علاقوں تیز ہواؤں کے ساتھ وقفے وقفے سے موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری رہا۔
سندھ حکومت اور کے ایم سی انتظامیہ کی بے حسی اور مجرمانہ غفلت کے باعث مسلسل دو روز ہونے والی بارش کا پانی سڑکوں پر جمع ہوگیا جس کی وجہ سے کئی علاقوں میں شدید ٹریفک جام کی صورت حال پیدا ہوگئی ہے جب کہ 100 سے زائد فیڈرز ٹرپ ہوجانے سے شہر کا بڑا حصہ ایک مرتبہ پھر سے بجلی سے محروم ہوگیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں منگل اور بدھ کے دوران اب تک 73 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی جاچکی ہے، منگل کے روز 43 اور آج 30 ملی میٹر بارش ہوئی جب کہ اب بھی مزید بارش کا امکان ہے۔
دوسری جانب ڈائریکٹر جنرل محکمہ موسمیات ڈاکٹر غلام رسول نے کہا ہے کہ مون سون کے موسم میں بارشوں کی شدت کے بارے میں صحیح پیش گوئی کرنا مشکل ہوتا ہے، ایک ہی وقت میں ایک ہی سسٹم کے تحت کہیں ہلکی تو کہیں موسلادھار بارشیں معمول کی بات ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک میں مون سون کا باقاعدہ آغاز ہوگیا ہے تاہم ابھی یہ ابتدائی مرحلے میں ہے لیکن اس کے باوجود کراچی سمیت سندھ اور بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں عید الفطر سے قبل مزید بارشوں کا امکان ہے تاہم یہ بارشیں شدید نوعیت کی نہیں ہوں گی۔
ڈاکٹر غلام رسول کا کہنا تھا کہ رواں برس کراچی سمیت سندھ اور بلوچستان میں گزشتہ 3 برس کے مقابلے میں زیادہ بارشیں ہوں گی، جولائی کے اوائل اور وسط میں کراچی سمیت ساحلی علاقوں میں موسم ابر آلود رہے گا تاہم جولائی کے آخر اور اگست میں مزید بارشیں ہوں گی۔

Share this article

Leave a comment