Friday, 29 November 2024


عید سے قبل اے ٹی ایمز مشین غیر فعال

ایمزٹی وی(بزنس)اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے ملک کے تمام سرکاری اور نجی بینکوں کو ہدایات جاری کی تھیں کہ عید الفطر کے موقع پر صارفین کو بلا تعطل بینکاری کی سہولت فراہم کی جائے اس سلسلے میں ملک کے تمام بینکوں کی تمام شاخیں ہفتہ وار چھٹی کے باوجود کھلی رہیں لیکن کئی بینکوں کے آن لائن لنکس ڈاؤن رہنے کی وجہ سے آن لائن بینکنگ نہیں ہورہی تھی جب کہ ہزاروں اے ٹی ایم مشینیں بھی عملاً غیر فعال ہوگئی ہیں۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے تمام نجی بینکوں کو اضافی کیش اور سسٹم درست رکھنے کی ہدایات بھی جاری کررکھی ہیں لیکن کئی کمرشل بینکوں کی اے ٹی ایم مشینوں کے لنک ڈاؤن اور کیش نہ ہونے کی وجہ عوام سخت پریشان ہیں اورجو اے ٹی ایم مشینیں فعال ہیں ان پر عوام کے لمبی قطاریں لگی ہوئی ہیں۔ بینک انتظامیہ کا کہنا ہے کہ عید الفطر کی چھٹیوں سے قبل رقم کی لین دین بہت زیادہ ہونے کی وجہ سے آن لائن نظام کو فعال رکھنے میں مشکلات پیش آرہی ہیں تاہم لنک ڈاؤن یا فنی خرابی کا کوئی حل نہیں ہے. ادھر عوام کا کہنا ہے کہ تجارتی مراکز اور اہم شاہراہوں پرقائم کمرشل بینکوں کی اے ٹی ایم مشینوں کا خراب یا بند ہونا عام سی بات ہے۔ عید کی خوشیاں رقم کی دستیابی سے منسلک ہیں لیکن خدشہ ہے کہ بینکوں سے ٹرانزیکشن کے عمل میں رکاوٹ اس میٹھی عید کی خوشیاں پھیکی نہ کردے کیونکہ خوشی کے موقع پرجب عوام کورقم نکالنے کی اشد ضرورت ہوتی ہے تو اے ٹی ایم سمیت بینکوں کا آن لائن سسٹم بھی کام نہیں کرتا اور شہری چیک لئے مارے مارے پھر رہے ہیں اور بینک کھلنے کے باوجود بھی عوام کی مشکلا ت حل نہیں ہوسکیں۔ دوسری جانب وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے اے ٹی ایم میں کیش نہ ہونے اور پنشنرز کو مشکلات پیش آنے کا نوٹس لے لیا۔ اسحاق ڈار نے گورنر اسٹیٹ بینك سے ٹیلی فون پر رابطہ كیا اور انہیں ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ نیشنل بینك حكام سے بات كركے عوامی شكایات كا ازالہ كریں۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ہدایت كی اے ٹیم اے مشینوں میں كیش كی وافر مقدار میں دستیابی بھی یقینی بنائی جائے۔

Share this article

Leave a comment